عیدالفطرشہریوں نے تفریحی مقامات اور ریسٹورنٹس کا رخ کرلیا

تینوں روز شہر کی تقریباً تمام فوڈ اسٹریٹس میں واقع ریسٹورنٹس میں جگہ ختم ہوگئی

عیدالفطرکے دوسرے دن بچے چڑیا گھر میں ٹرین کا سفر کر کے خوش ہو رہے ہیں ،چھٹیوں میں تفریحی مقامات پر شہریوں کا رش رہا۔ فوٹو: ایکسپریس

عیدالفطر کی چھٹیوں کے دوران زندہ دلان کراچی نے بڑی تعداد میں تفریحی مقامات کا رخ کرلیا، شہر کے ساحل سمندر، پارکس، دیگر تفریح گاہوں، فاسٹ فوڈ اور روایتی پاکستانی کھانوں کے ریسٹورنٹس میں شہریوں کی بڑی تعداد دکھائی دی، متعدد تفریحی مقامات پر شہریوں کے بے پناہ رش کی وجہ سے پارکنگ کی جگہ کم پڑگئی اور اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا۔


عیدالفطر کے پہلے دن تفریحی مقامات اور ریسٹورنٹس پر شہریوں کا رش نسبتا کم تھا تاہم دوسرے اور تیسرے روز بڑی تعداد میں شہری آئوٹنگ کیلیے نکل گئے، خاص طور پر پارکس، ساحل سمندر اور دیگر تفریحی مقامات پر لوگوں کا بے پناہ رش تھا، بچوں کی بڑی تعداد تفریح گاہوں میں موجود جھولوں اور دیگر تفریحی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہوتی رہی، شام کے وقت تفریحی مقامات کا رخ کرنیوالے شہریوں نے رات میں ریسٹورنٹس کا رخ کرلیا اور شہر کی تقریبا تمام فوڈ اسٹریٹس میں واقع ریسٹورنٹس میں جگہ ختم ہوگئی اور لوگوں نے ایک بڑی تعداد میں گاڑیوں میں بیٹھ کر ڈنر کیا۔
Load Next Story