زیریں سندھ میں عید الفطرمذہبی جوش و خروش سے منائی گئی

سیکڑوں مقامات پر نماز عید کے اجتماعات، ملک کی سلامتی اورکراچی میں امن کیلیے دعائیں

مسلمان اللہ کے حضور دعا مانگتے ہوئے (فوٹو : شاہد علی / ایکسپریس)

ملک بھر کی طرح حیدرآباد سمیت زیریں سندھ میں بھی عید الفطر مذہبی اور روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ سیکڑوں مقامات پر نماز عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے جہاں علما کرام اور خطیبوں نے فلسفہ عید پر روشنی ڈالی۔ نماز عید کے بعد ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔

حیدرآباد میں ڈھائی سو سے زائد مقامات پر نماز عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے۔ سب سے بڑا اجتماع مرکزی عیدگاہ رانی باغ میں ہوا جہاں مولانا رجب علی سکندر نے نماز عید کی امامت کی، یہاں نماز عید کے اجتماع میں رکن قومی اسمبلی نواب غنی تالپور اور اے ڈی سی ون اعجاز الحسن کے علاوہ کسی بڑے سیاسی رہنما و سرکاری افسر نے شرکت نہیں کی۔ لبرٹی چوک پر جمعیت علما پاکستان کے سربراہ صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کی امامت میں نماز عید ادا کی گئی جبکہ سابق ضلع ناظم حیدرآباد و متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن کنور نوید جمیل نے مسجد اقصی لطیف آباد نمبر 6 میں نماز عید ادا کی۔


اس کے علاوہ عید گاہ پکا قلعہ، عید گاہ پریٹ آباد، مسجد درگاہ سخی عبدالوہاب شاہ جیلانی، باغ مصطفیٰ گرائونڈ، لطیف آباد نمبر8، افضال گرائونڈ، مسجد فیضان مدینہ آفندی ٹاون، محبوب گرائونڈ، بورڈ اسٹیڈیم سمیت دیگر کھلے مقامات اور مساجد میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے۔ اس موقع پر مساجد فرزندان توحید سے کھچا کھچ بھری ہوئی تھیں۔

نماز عید کے بعد ملک کی ترقی و خوشحالی، سلامتی و استحکام، بالخصوص کراچی میں قیام امن کے لیے دعائیں بھی کی گئیں جسکے بعد لوگوں نے ایک دوسرے سے بغلگیر ہوکر مبارک باد دی۔ اس موقع پر پولیس اور رینجرز کی جانب سے سخت اقدامات کیے گئے تھے اور عیدگاہوں، مساجد اور امام بارگاہوں کے باہر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی تھی۔ علاوہ ازیں میرپورخاص، بدین، ٹھٹھہ، سانگھڑ، عمر کوٹ، تھرپارکر، جامشورو، کوٹری، نوابشاہ، ٹنڈو جام، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہیار، مٹیاری، بھٹ شاہ، سعید آباد، مٹھی، سجاول، دھابیجی، میرپور بٹھورو، جاتی، گھارو، کنری، سامارو، ڈگری، کوٹ غلام محمد، نوکوٹ، ماتلی، پنگریو، ٹنڈو باگو، ٹنڈو غلام علی، تلہار، کھوسکی، شہداد پور، سنجھورو، شاہ پور چاکر، ٹنڈو آدم، جام نواز علی، سیہون، دوڑ، جام صاحب سمیت زیریںسندھ کے چھوٹے بڑے اضلاع میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے، اس موقع پر ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں مانگی گئیں، جس کے بعد لوگوں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی۔
Load Next Story