جاپان کا ماہانہ تجارتی خسارہ ریکارڈسطح پرپہنچ گیا

اعدادوشمار کے مطابق جاپان کی جولائی میں مجموعی درآمدات 2.1 فیصد کے اضافے سے 5.83 ٹریلین ین رہیں۔

جولائی میں517.4ارب ین خسارہ ہوا، جون میں تجارت 60.3 ارب ین فاضل رہی تھی. فوٹو فائل

جاپان کا جولائی کیلیے تجارت میں خسارہ ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا جس کے بعد مبصرین نے متنبہ کیا ہے کہ عالمی معاشی سست روی خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے، یورپ میں قرضہ بحران اور ایشیا میں طلب کا گرنا جاپان کے ریکارڈتجارتی خسارے کی وجہ قراردیا جا رہا ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق جاپان کو جولائی میں 517.4ارب ین (6.5ارب ڈالر) کا تجارتی خسارہ ہوا جو 275 ارب ین کے تجارتی خسارے کی پیش گوئی سے دگنا ہے جبکہ جون میں جاپان کی تجارت 60.3 ارب ین فاضل رہی تھی۔

اقتصادی ماہر تاکاہیرو سیکیڈو کے مطابق چینی ویورپی مارکیٹس میں کمزور کے نتیجے میں پیدا ہونے والا رجحان جاپان کی تجارت پر سخت دبائو ڈال رہا ہے اور یہ سنگین صورتحال اختیار کرگیا ہے، حالیہ اعدادوشمار سے یہ بھی واضح ہوگیا ہے کہ یہ اب صرف خطرہ نہیں رہا بلکہ حقیقت بن گیا ہے، تجارت میں خسارے کی اس رپورٹ کے بعد ہوسکتا ہے کہ بینک آف جاپان معیشت کو مستحکم کرنے کیلیے پیشگی اقدامات کرے۔ انھوں نے توقع ظاہر کی کہ جاپان کا مرکزی بینک اکتوبر میں ششماہی آئوٹ لک رپورٹ پیش کرتے وقت مانیٹری پالیسی کو مزید نرم کرنے کیلیے نئے اقدامات کا اعلان کرسکتا ہے۔


اعدادوشمار کے مطابق جولائی میں جاپان کی برآمدات 8.1 فیصد کمی سے 5.31 ٹریلین ین کم رہیں جس کی وجہ الیکٹرانکس کی برآمدات میں کمی تھی جبکہ گزشتہ ماہ آٹوموبائل کی برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا، یورپی یونین کے لیے جاپانی برآمدات سال بہ سال 25.1 فیصدکم ہوگئیں اور اسی خطے سے جاپان کی درآمدات میں 10.6 فیصد ہوا جس کے نتیجے میں جاپان کی یورپی یونین کے ساتھ تجارت کو 95.2 ارب ین کا خسارہ اٹھانا پڑا۔

دریں اثناء جاپان کی چین کیلیے ایکسپورٹ بھی 11.9 فیصد کم ہوگئی اور درآمدات میں 3.3 فیصد اضافہ ہوا جس کی وجہ سے جاپان کو چین کے ساتھ 250.1ارب ین کا تجارتی خسارہ ہوا جو جون سے دگنا ہے، اسی طرح جاپان کی جنوبی کوریا، ہانگ کانگ، تائیوان اور سنگاپور کو برآمدات میں بھی 14.2 فیصد کمی ہوئی، امریکا کو برآمدات 4.7 فیصد بڑھیں مگر یہ جون کے مقابلے میں کم ہیں، جون میں امریکا کو جاپانی برآمدات میں 15.1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا تھا، گزشتہ ماہ امریکا سے جاپان کی درآمدات کی مالیت 7.6 فیصد زائد رہی۔

اعدادوشمار کے مطابق جاپان کی جولائی میں مجموعی درآمدات 2.1 فیصد کے اضافے سے 5.83 ٹریلین ین رہیں۔ جاپانی تجارت میں خسارے کی ایک اہم وجہ انرجی ضروریات کیلیے اس کی فیول امپورٹ بھی ہے، ایل این جی مہنگی ہونے سے جاپان کا درآمدی بل بڑھا۔ یاد رہے کہ جاپان میں حالیہ زلزلے وسونامی کے بعد جوہری بجلی گھر کو نقصان پہنچنے سے ایٹمی تابکاری کے باعث جاپان نے اپنے تمام ایٹمی پاور پلانٹس بند کر دیے تھے، اس کے بعد اس کی فیول امپورٹس میں تیزی سے اضافہ ہوا۔
Load Next Story