فرانس کاپٹرولیم مصنوعات پرٹیکسوں میں کمی کااعلان

پٹرول وڈیزل نرخ میں کمی لانے کیلیے ٹیکس معتدل اور عارضی بنیادوں پرکم کیے جائیں گے

پٹرول وڈیزل نرخ میں کمی لانے کیلیے ٹیکس معتدل اور عارضی بنیادوں پرکم کیے جائیں گے (فوٹو : اے ایف پی)

فرانسیسی وزیراعظم جین مارک ایراولٹ نے ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی لانے کیلیے ٹیکسوں میں عارضی بنیادوں پر معتدل کمی کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ یاد رہے کہ فرانس میں فی الوقت پٹرولیم مصنوعات قیمتیں ریکارڈ سطح پر ہیں، بعض علاقوں میں نرخ 2 یورو فی لیٹر تک پہنچ چکے ہیں جبکہ فرانس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ٹیکسوں کا حصہ 50 سے 66 فیصد تک ہے۔


بدھ کو ایک انٹرویو میں وزیراعظم نے کہاکہ فیول پرائسز کو ریگولیٹ کرنے کا مستقل طریقہ کار متعارف کرائے جانے سے قبل ٹیکسز کم کردیے جائیں گے تاہم تیل کمپنیوں نے متنبہ کیا ہے کہ حکومت کی جانب سے قیمتوں کی حد مقرر کرنا ملک میں فیول کی قلت کا باعث بنے گا مگر وزیراعظم نے قیمتوں کی حد مقرر کرنے کا آپشن مسترد کردیا اور کہاکہ قیمتیں 3ماہ منجمد کرنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، حکومت کے ٹیکس کم کرنے سے پروڈیوسرز اور ڈسٹری بیوٹرز پر پمپس پر قیمتیں کم کرنے کیلیے دبائو بڑھے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ وزیرخزانہ کی فیول کمپنیز اور صارف گروپس سے 28 اگست کو ملاقات ہو گی جس میں پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسوں میں کمی کے حوالے سے حکومتی منصوبے پر روشنی ڈالی جائے گی۔ انھوں نے کہاکہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی ٹیکسوں میں کمی کرے گی مگر یہ عارضی اور معتدل ہوگی۔ یورپی یونین کے قوانین کے تحت فرانس فیول پر ٹیکسوں میں ایک حد سے زیادہ کمی نہیں کرسکتا، 2010میں فرانس کو آئل پر ٹیکسوں سے 34 ارب یورو کا ریونیو ملا جو اس کی مجموعی ٹیکس آمدنی کا 10 فیصد سے زیادہ ہے، سابقہ حکومت نے اندازہ لگایا تھاکہ اگرفرانس آئل پر ٹیکس 0.10 یورو کم کرتا ہے تو اس سے حکومتی ریونیو میں 5 ارب یورو کمی آئے گی۔
Load Next Story