عید پرسیکیورٹی پلان نےموبائل فون کے بزنس پلان ناکام بنا دیے

چاند رات سے عید کی صبح تک موبائل سروس کی بندش کے سبب موبائل کمپنیوں کو کروڑوں روپے کا نقصان

چاند رات سے عید کی صبح تک موبائل سروس کی بندش کے سبب موبائل کمپنیوں کو کروڑوں روپے کا نقصان۔ فائل فوٹو

سیکیورٹی مسائل پر قابو پانے کیلیے چاند رات سے عید کی صبح تک بڑے شہروں میں موبائل فون سروس کی بندش نے موبائل کمپنیوں کے بزنس پلان چوپٹ کردیے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں موبائل کمپنیوں کے نان وائس ریونیو کا 91 فیصد ایس ایم ایس سے حاصل ہوتا ہے اور عیدالفطر ایس ایم ایس کے ذریعے ہونے والی آمدنی کا سب سے اہم موقع ہے۔

ٹیلی کام انڈسٹری کے ذرائع کے مطابق سال بھر میں موبائل فون صارفین اوسطاً یومیہ 10ایس ایم ایس بھیجتے اور وصول کرتے ہیں تاہم عید الفطر میں ایس ایم ایس کے ذریعے مبارکباد بھیجنے کا سلسلہ شوال کا چاند نظر آتے ہی شروع ہوجاتا ہے اس سال عید پر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر چاند رات سے عید کی صبح تک موبائل سروس کی بندش کے سبب موبائل کمپنیوں کو کروڑوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔


انڈسٹری ذرائع کے مطابق سال 2010-11 کے دوران ایس ایم ایس کے ذریعے موبائل کمپنیوں کو 25ارب روپے سے زائد کی آمدنی ہوئی، مجموعی طور پر 175ارب سے زائد ایس ایم ایس بھیجے گئے جس میں سے عید پر بھیجے گئے ایس ایم ایس کی تعداد عام دنوں کے مقابلے میں 3گنا زائد رہی۔ عید کیلیے موبائل کمپنیوں کی جانب سے ایس ایم ایس کے پیکیج متعارف کرائے گئے جبکہ صارفین نے چاند رات کو اپنے موبائل فونز میں بھاری مالیت کا بیلنس بھی لوڈ کرایا تاہم سروس بند ہونے کے باعث یہ بیلنس استعمال نہ ہوسکا، سروس بند ہونے کے بعد صارفین نے مزید بیلنس لوڈ کرانا روک دیا۔

انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے پری پیڈ کنکشنز ختم کرنے کی تجویز سے انڈسٹری میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، پری پیڈ کنکشنز موبائل فون انڈسٹری کے بزنس کا اہم ترین ذریعہ ہے جس کی بندش سے نہ صرف موبائل فون انڈسٹری بلکہ حکومت کو بھی ریونیو کی مد میں بھاری نقصان کا سامنا ہو گا۔ پی ٹی اے اعدادوشمار کے مطابق ٹیلی کام انڈسٹری نے مالی سال 2010-11کے دوران 363 ارب روپے کا ریونیو کمایا جس میں سے حکومت کو 117 ارب روپے کے محصولات ادا کیے، پری پیڈ کنکشنز کی بندش کی صورت میں موبائل کمپنیوں کے ریونیو کے ساتھ حکومت کے محصولات میں بھی کمی واقع ہوسکتی ہے۔
Load Next Story