مرادعلی شاہ کونہ ہٹایا تووزیراعظم فیصلہ کرینگےغبارے سے ہوا کب نکالنی ہے فواد چوہدری

کراچی میں ملاقاتوں کے نتیجے میں وزیراعلیٰ سندھ کے جانے کی بنیاد رکھ دی ہے، وزیر اطلاعات

پنجاب میں (ن) لیگ کا جو حال ہوا ہے وہ سندھ میں پیپلز پارٹی کا ہونے جارہا ہے، فواد چوہدری فوٹو: فائل

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی خود مرادعلی شاہ کو نہیں ہٹاتی تو وزیر اعظم فیصلہ کریں گے غبارے سے ہوا کب نکالنی ہے۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ یہ جمہوری دور ہے سندھ میں گورنرراج کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ سندھ میں تبدیلی آئینی طریقے سے آئے گی، چاہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو خود تبدیل کرے، پیپلز پارٹی خود مرادعلی شاہ کو نہیں ہٹاتی تو وزیر اعظم فیصلہ کریں گے غبارے سے ہوا کب نکالنی ہے، کراچی میں ملاقاتوں کے نتیجے میں وزیراعلیٰ سندھ کے جانے کی بنیاد رکھ دی ہے۔


وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ تبدیلی کے دھانے پر ہے، اتحادی جماعتوں کے تعاون سے سندھ میں تبدیلی لائیں گے۔ پنجاب میں (ن) لیگ کا جو حال ہوا ہے وہ سندھ میں پیپلز پارٹی کا ہونے جارہا ہے، نواز شریف کے بعد آصف زرداری کا سیاسی کیریئر بھی خاتمے کے قریب ہے۔ وہ دور گیا جب فنڈز چھو منتر سے دبئی چلے جاتے تھے، اب سندھ کے فنڈز وہاں کے عوام پر خرچ کیے جائیں گے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کادورہ سندھ ابھی فائنل نہیں ہوا۔ پیپلز پارٹی کا کراچی میں کوئی مستقبل نہیں، ایم کیو ایم ہماری اتحادی جماعت ہے، متحدہ کے رہنماؤں سے ملاقات ہوئی تھی اور اس حوالے سے رپورٹ وزیراعظم کو بھیجی ہے۔ اسمبلی کو اکھاڑا بنانے پر تشویش ہے، اسمبلی میں اپوزیشن نے بدعنوانی بحالی کا اتحاد بنایا ہے۔
Load Next Story