پیراگون کیس خواجہ برادران کا مزید 7 روزہ جسمانی ریمانڈ

خالدحسین کے اکاؤنٹ سے ندیم اور خواجہ برادران کے خاندان کے اکاؤنٹس میں اربوں روپے منتقل ہوئے،نیب رپورٹ احتساب عدالت پیش

حکومت اپنے بوجھ سے خود گرنا چاہتی ہے، خواجہ برادران، اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلیے سعد رفیق کا7 روزہ راہداری ریمانڈ منظور۔ فوٹو: فائل

احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل کیس میں گرفتار ن لیگ کے رہنماؤں ایم این اے خواجہ سعد رفیق اور ایم پی اے خواجہ سلمان رفیق کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 7 دن کی توسیع کر دی، عدالت نے دونوں بھائیوں کو 26 جنوری کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

خواجہ برادران کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر ہفتہ کے روز عدالت پیش کیا گیا، نیب کے تفتیشی افسر نے ان سے اب تک ہونے والی تفتیشی رپورٹ عدالت میں پیش کی، نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے عدالت کو بتایا کہ خالد حسین نامی شخص کے اکاؤنٹ سے پیراگون کے مالک ندیم ضیا اور خواجہ برادران کے خاندان کے کچھ لوگوں کے اکاؤنٹس میں رقوم منتقل ہوئی ہیں جنہیں چیک کیا جانا ہے اس لئے مزید 15 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

تفتیشی رپورٹ کے مطابق پیراگون کے اکاؤنٹ سے پہلے 20 لاکھ اور پھر 6 ارب 20 کروڑ 12لاکھ روپے سے زائد رقم خالد حسین کے مختلف اکاؤنٹس میں منتقل کی گئی، پیراگون سے 14 کروڑ 10 لاکھ روپے کی رقم بعد میں پھر خالد حسین کے مختلف اکاؤنٹس میں منتقل ہوئی، 2 کروڑ 10 لاکھ روپے پیراگون اکاؤنٹ سے ایگزیکٹو بلڈرز کے اکاؤنٹ میں بھی منتقل ہوئے۔


خالد حسین کے اکاؤنٹ سے 9 کروڑ 16 لاکھ ندیم ضیا کی اہلیہ شمع ندیم اور 13 کروڑ 74 لاکھ کی رقم رضیہ پروین نامی خاتون کے اکاؤنٹس میں منتقل کی گئی، خواجہ برادران کے وکیل امجد پرویز نے مزید جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی اور اسے بلاجواز قرار دیا، وکیل کے مطابق خواجہ برادران نے تمام اکاؤنٹس کی تفصیلات بتا دی ہیں،جو بھی لین دین ہوا اس کا ریکارڈ موجود ہے۔

علاوہ ازیں احتساب عدالت نے قومی اسمبلی کے جاری اجلاس میں شرکت کیلیے نیب کی تحویل میں موجود خواجہ سعد رفیق کا 7 روزہ راہداری ریمانڈ بھی منظور کرلیا، جج سید نجم الحسن کی عدالت میں نیب درخواست پر سماعت ہوئی، اسپیشل پراسیکیوٹر نیب نے عدالت کو بتایا کہ ملزم سعد رفیق کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرنا ہے جس کیلیے اسپیکر قومی اسمبلی نے ان کے پروڈکشن آرڈر بھی جاری کیے ہیں، عدالت ان کا 7 روزہ راہداری ریمانڈ منظور کرے جس پر عدالت نے 20 جنوری سے 26 جنوری تک راہداری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں اسلام آباد لے جانے کی اجازت دے دی۔

پیشی کے بعد سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے رویے سے نہیں لگتا کہ یہ اپنی مدت پوری کرے گی، حکومت اپنے بوجھ سے خود گرنا چاہتی ہے جبکہ مینڈیٹ نہ ماننے کے باوجود ہم چاہتے ہیں کہ سسٹم چلے لیکن محسوس ہوتا ہے کہ عمران خان خود اپنی مدت پوری نہیں کرنا چاہتے، تحریک انصاف کی پانچ ماہ کی حکومت میں پاکستان کی معیشت کی بنیادیں ہل چکی ہیں، عوام پی ٹی آئی کی جان کو رو رہے ہیں، ان کی حکومت نے ہر چیز کو مشکل بنا دیا ہے تاہم یہ دور نہیں رہے گا۔

 
Load Next Story