عمران خان کا یہی رویہ رہا تو ساتھ چلنا مشکل ہو جائے گا کامل علی آغا    

حکومت کی جانب سے کسی بھی ایشو پر اتحادیوں سے مشاورت نہیں کی جا رہی، رہنما (ق) لیگ

مسلم لیگ (ق) کا تحریک انصاف سے شکوہ

LONDON:
مسلم لیگ (ق) کے رہنما کامل علی آغا کا کہنا ہے کہ ہمارا رویہ تبدیل نہیں ہوا البتہ عمران خان کا یہی رویہ رہا تو ساتھ چلنا مشکل ہو جائے گا۔

تحریک انصاف کی حکومت میں اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے رہنما کامل علی آغا نے چیئرمین پی ٹی آئی سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان آج تک ٹیم نہیں بنا سکے، عمران خان کے پاس اچھی ٹیم ہوتی تو حالات نہ بگڑتے جب کہ حکومت کی جانب سے کسی بھی ایشو پر اتحادیوں سے مشاورت نہیں کی جا رہی۔


کامل علی آغا کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے اندر مشاورت کی کمی ہے، عمران خان اتحادیوں سے مشاورت نہیں کرتے اور ان کے نیچے کے لوگ بھی مشاورت نہیں کرتے، دیکھنا یہ ہے کہ عمران خان ہمارے تحفظات کو کیسے لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی اتحادی کو وزارت دی ہے تو وزیر کو اختیار بھی دینا چاہیے، ہم دشمنی اور دوستی دونوں بھرپور نبھاتے ہیں، ہمارا رویہ تبدیل نہیں ہوا اور اگر عمران خان کا یہی رویہ رہا تو ساتھ چلنا مشکل ہو جائے گا۔

واضح رہے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ایک پروگرام میں (ق) لیگ میں فارورڈ بلاک بننے کی بات کی تھی جس کے بعد سے حکومت اور اتحادی جماعت میں تعلقات زیادہ اچھے دکھائی نہیں دیتے۔
Load Next Story