بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا 31 برس کی ہوگئیں
سابقہ مس ورلڈ اور بالی ووڈ کی صف اول کی اداکارہ پریانکا چوپڑا 31برس کی ہوگئی ہیں۔
18 جولائی 1982 کو بھارتی ریاست جھاڑ کھنڈ کے شہر جمشید پور میں پیدا ہونے والی پریانکا نے 2000 میں مس ورلڈ کا خطاب اپنے نام کیا جس کے بعد انہوں نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 2002 میں تامل فلم ''تھامیزان'' سے کیا۔ پریانکا کی بالی ووڈ میں آمد فلم ''دی ہیرو، لو اسٹوری آف دی اسپائی'' سے ہوئی تاہم ان کی پہلی کامیاب فلم ''انداز'' ثابت ہوئی جس پر ان کو بہترین نئی اداکارہ کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ اس کے بعد پریانکا نے اعتراض، بلف ماسٹر، کرش، ڈان، سلامِ عشق، دوستانہ، فیشن، کمینے اور ڈان ٹو جیسی کامیاب فلموں میں بہترین اداکاری کا مظاہرہ کر کے کئی ایوارڈز اپنے نام کیے، فلم ''وٹس یور رشی'' میں 12 کردار نبھانے پر پریانکا کا نام ''گینزبک آف ورلڈ ریکارڈ'' میں شامل ہوا جبکہ وشال بھردواج کی فلم ''سات خون معاف'' میں ان کے آئٹم سونگ ''ڈارلنگ'' کو بےحد پذیرائی حاصل ہوئی۔
گذشتہ سال پریانکا کی دو فلموں اگنی پتھ اور برفی نے جہاں باکس آفس پر تہلکہ مچایا وہیں ان کی فلم "تیری میری کہانی" کچھ خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کرسکی، پریانکا کی آنے والی فلموں میں تھری، غنڈے اور زنجیر کا ری میک شامل ہیں جن سے شائقین کی بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔
رواں سال پریانکا چوپڑا نے گلوکاری کے میدان میں بھی قدم جمانے شروع کیے اور ان کے پہلے ہی گانے ''ان مائی سٹی'' نے میوزک چارٹس پر تہلکہ مچاد یا۔