25 کروڑ کی ادائیگی پر اسٹیل ملز کی رہائشی کالونی کی بجلی بحال

مزید 30 کروڑ روپے کی ادائیگی کی صورت میں پاکستان اسٹیل ملز کی بجلی بحال کی جائے گی، ترجمان کے ای ایس سی

کے ای ایس سی کو بقیہ واجبات کی ادائیگی یومیہ بنیاد پر کردی جائے گی، ترجمان اسٹیل ملز فوٹو : فائل

پاکستان اسٹیل ملز کی جانب سے 25 کروڑ روپے کی ادائیگی کے بعد کے ای ایس سی نے اسٹیل ملز سے متصل رہائشی کالونی کی بجلی بحال کردی ہے۔

کےای ایس سی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹیل ملز کے ذمے مجموعی طور پر 93 کروڑ روپے واجب الادا ہیں جس میں سے 25 کروڑ روپے ادا کئے گئے ہیں جبکہ مزید 30 کروڑ روپے کی ادائیگی کی صورت میں پاکستان اسٹیل ملز کی بجلی بحال کی جائے گی۔


دوسری جانب پاکستان اسٹیل ملز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کے ای ایس سی کو بقیہ واجبات کی ادائیگی یومیہ بنیاد پر کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی منقطع ہونے سے پیدوار شدید متاثر ہورہی ہے جس پر کے ای ایس سی کو لچک کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کے ای ایس سی نے واجبات کی عدم ادائیگی پر اسٹیل مل اور اس سے متصل رہائشی کالونی کی بجلی منقطع کردی تھی۔

Recommended Stories

Load Next Story