ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی اورسابق ایڈمنسٹریٹر کے وارنٹ گرفتاری معطل

ہاشم رضا زیدی اور سابق ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید نےعدم پیشی پرعدالت سے معافی طلب کی جس پروارنٹ گرفتاری معطل کردیئےگئے

عدالت نےہاشم رضا زیدی اورمحمد حسین سید کے 50 ہزار روپے کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے جمعہ کو پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔ فوٹو: پی پی آئی/ فائل

سپریم کورٹ نےایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی ہاشم رضا زیدی اور سابق ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید کے وارنٹ گرفتاری معطل کردیئے ہیں۔


سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں جسٹس خلجی عارف حسین اور جسٹس امیرہانی مسلم پر مشتمل تین رکنی بینچ نے بلوچ پارک میں غیرقانونی تعمیرات کیس کی سماعت کی جس میں ایڈمنسٹریٹربلدیہ عظمیٰ کراچی سید ہاشم رضازیدی اورسابق ایڈمسٹریٹرمحمد حسین سید نے عدالت میں پیش ہوکرموقف اختیار کیا کہ انہیں طلبی کے نوٹس موصول نہیں ہوئے تھے لہٰذا وہ اپنی عدم پیشی پر معافی کے طلب گارہیں جس پرعدالت نے دونوں کے وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے بلوچ پارک پر غیر قانونی تعمیرات کے حوالے سے ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچ پارک میں غیر قانونی تعمیرات کے الزام میں کے ایم سی افسران کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کے موقع پر صرف ڈی ایم سی ساؤتھ کے ڈائریکٹر پارک حاضر ہوئے تھے، عدالت نے مشاہدہ کیا کہ یہ توہین عدالت کی کارروائی ہے جس میں مدعا علیہان کا ذاتی طور پر پیش ہونا ضروری ہے مگر ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی سید ہاشم رضا زیدی ، سابق ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید حاضر نہیں ہوئے اور نہ ہی ان کی غیر حاضری سے متعلق کوئی درخواست دی گئی ،عدالت نے دونوں افسران کے 50 ہزار روپے کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے جمعہ کو پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔
Load Next Story