سوان کی گھومتی گیندوں نے آسٹریلیا کو چکرا دیا 128 پر ڈھیر

تینوں پلیئرز کو پیٹر سڈل نے پویلین کی راہ دکھائی، مجموعی سبقت 264 ہوگئی، دوسرے دن 16 وکٹیں گریں

انگلش وکٹ کیپر میٹ پرائر آسٹریلوی پلیئر روجرز کیخلاف ایل بی ڈبلیو کی کامیاب اپیل کررہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

KARACHI:
لارڈز ٹیسٹ میںگریم سوان کی گھومتی ہوئی گیندوں نے آسٹریلیا کو چکرا دیا، مہمان ٹیم 128 پر ڈھیر ہو کر 233 رنز کے خسارے کا شکار ہوگئی۔

انگلش اسپنر نے 44 رنز کے عوض 5 پلیئرز کو رخصت کیا، میزبان ٹیم نے حریف کو فالو آن کرانے کے بجائے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا، دوسرے دن کا اختتام 3 وکٹ پر 31 رنز پر ہوا، یوں مجموعی سبقت264 ہو چکی ہے، الیسٹرکک 8، جوناتھن ٹروٹ صفر اور کیون پیٹرسن 5 رنز بناکر میدان بدر ہوئے، جوئے روٹ 18 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں جبکہ نائٹ واچ مین ٹم بریسنن نے 15 گیندوں کا سامنا کرنے کے باوجود کھاتہ نہیں کھولا، تینوں وکٹیں پیٹر سڈل نے حاصل کیں۔

اس سے قبل میزبان ٹیم کے اسکور 361 کے جواب میں آسٹریلیا نے 128 رنز پر ہتھیار ڈال دیے، ٹیم فالوآن کا خطرہ ٹالنے کیلیے درکار 162 کا اولین ہدف بھی حاصل نہیں کرپائی، دوسرے سیشن میں یکدم صورتحال 53 پر 3 پلیئرز آؤٹ ہوگئے، شین واٹسن 30 رنز بنانے کے بعد بریسنن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔




ریفرل پر ٹی وی امپائر ٹونی ہل نے آن فیلڈ امپائر کمار دھرماسینا کے ابتدائی فیصلے کو برقرار رکھا، لنچ کے بعد اسی انداز میں کرس روجرز (15)بھی پویلین لوٹ گئے، فل ہیوز (1) کو بریسنن نے وکٹ کیپر میٹ پرائر کی مدد سے قابو کیا، اس موقع پر ہیوز نے ریفرل کی مدد چاہی لیکن ٹی وی امپائر کو فیصلہ تبدیل کرنے کیلیے خاطرخواہ ثبوت نہیں مل پائے، ڈراپ کیچ کے باوجود عثمان خواجہ (14) بڑی اننگز نہ کھیل پائے، انھیں سوان نے پیٹرسن کا کیچ بنوایا، کلارک 28 رنز بناکر براڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، اسٹیون اسمتھ (2)، ایشٹون ایگر (2)، پیٹر سڈل (2)، بریڈ ہیڈن (7) اور ریان ہیرس 10رنز بناسکے، جیمز پیٹنسن 10 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، سوان نے 5 اور بریسنن نے 2 وکٹیں لیں۔

قبل ازیں دن کے آغاز پر انگلش ٹیم نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 7 وکٹ 289سے شروع کی،جیمز اینڈرسن 12 اور بریسنن 7 رنز بناپائے، براڈ(33 ) اور سوان کے درمیان آخری وکٹ کیلیے 48 رنز کی شراکت داری بنی، سوان 28 پر ناٹ آؤٹ رہے، ریان ہیرس نے5 وکٹیں لیں۔
Load Next Story