ناتجربہ کار پروٹیز آج سری لنکا سے پنجہ آزمائی کرینگے

چندیمل کونوعمرترین میزبان کپتان کااعزاز مل جائے گا، مہمان ٹیم کے 2 پلیئر انجرڈ

کولمبو: ون ڈے سیریز سے قبل جنوبی افریقی کپتان ابراہم ڈی ویلیئرز اور سری لنکن قائد انجیلو میتھیوز ٹرافی تھامے پوز دے رہے ہیں۔ فوٹو: رائٹرز

سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز ہفتے سے ہورہا ہے۔

ناتجربہ کار پروٹیز میزبان سے پنجہ آزمائی کیلیے مکمل تیار ہیں،ٹیم کے صرف 2 پلیئرز یہاں کھیلنے کا تجربہ رکھتے ہیں، حالیہ دنوں میں ملنے والی ناکامیوں کے بعد دونوں ممالک میں جیت کی پیاس شدت سے پائی جاتی ہے، پروٹیز چیمپئنز ٹرافی میں سیمی فائنلز مرحلے میں 'چوکرز' کا روایتی لبادہ اوڑھے باہر ہوگئے تھے جبکہ آئی لینڈرز کو فائنل میں بھارت نے مات دی تھی، اس کے بعد ویسٹ انڈیز میں منعقدہ ٹرائنگولر سیریز کے فائنل میں بھی دھونی الیون نے لنکا ڈھا دی تھی، سلو اوور ریٹ پر 2 میچز کی پابندی کا شکار اینجیلیو میتھیوز کی عدم دستیابی پر 23 سالہ دنیش چندیمل کو سری لنکا کے نوعمرکپتان بننے کا موقع مل رہا ہے۔

میزبان ٹیم نووا کولاسیکرا کی خدمات سے بھی محروم رہے گی جو ویسٹ انڈیز میں انگلی کی انجری سے دوچار ہوگئے تھے، 4 برس بعد ٹیم میں واپس آنے و الے جیہان مبارک نے ٹور میچ میں اپنے ہاتھ کھول لیے ہیں۔




اس سیریز میں جنوبی افریقہ بھی نئے کوچ رسل ڈومینگو کے ساتھ حصہ لے رہا ہے، ٹیم کو انجرڈ ڈیل اسٹین اور گریم اسمتھ کا ساتھ میسر نہیں جبکہ تجربہ کار آل راؤنڈر جیک کیلس نے بھی خود ساختہ دوری کو طوالت دے دی ہے، دورے پر آنے والے فاسٹ بولرز مورن مورکل اور سوٹسوبے کو انجری مسائل نے جکڑلیا ہے، کپتان ابراہم ڈی ویلیئرز کا کہنا ہے کہ کوچ رسل ڈومینگو کھلاڑیوں کو مشورے دیتے رہتے ہیں، مجھے پورا یقین ہے کہ ہماری ٹیم کے ہر پلیئر کو ذمہ داری کا علم ہے، ہر مرتبہ فیلڈ میں جاتے ہوئے سب سے اہم بات کھیل کی بنیاد پر عمل پیرا ہونا ہے، ہمیں بطور ٹیم ردھم حاصل کرنے کی ضرورت ہوگی۔

بدھ کو منعقدہ ون ڈے وارم اپ میچ میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا بورڈ الیون کو 73 رنز سے شکست دی، پال ڈومنی نے 92 رنز اسکور کیے جبکہ روبن پیٹرسن اور کرس مورس نے 3،3 وکٹیں لے کر مہمان ٹیم کے حوصلے بلند کردیے تھے۔
Load Next Story