ویمنز سیریز پاکستان کا آئرلینڈ پر کلین سوئپ مکمل

دوسرے ون ڈے میں جویریہ اور نین عابدی کی ففٹیز، سعدیہ نے 5 وکٹیں حاصل کیں

دوسرے ون ڈے میں جویریہ اور نین عابدی کی ففٹیز، سعدیہ نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو: اے ایف پی

ویمنز کرکٹ سیریز میں پاکستان نے آئرلینڈ کیخلاف کلین سوئپ مکمل کر لیا، دوسرے ون ڈے میں میزبان ٹیم89 رنز کی شکست کا شکار ہوئی۔

فاتح سائیڈ کی جویریہ خان نے81 اور نین عابدی نے 50 رنز کی اننگز کھیلیں،سعدیہ یوسف نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ تفصیلات کے مطابق وائی ایم سی اے کرکٹ کلب ڈبلن میں پاکستانی کپتان ثنا میر نے ٹاس جیت کر اپنی بیٹسویمنز کو آزمانے کا فیصلہ کیا، جویریہ خان اور رابعہ شاہ نے49 رنز کا آغاز فراہم کیا، رابعہ26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں تو جویریہ نے نین عابدی کے ساتھ94 رنز کی پارٹنر شپ قائم کر دی۔




نین نصف سنچری مکمل کرتے ہی رخصت ہو گئیں، جویریہ کی اننگز کا 81 رنز پر اختتام ہوا، ایک موقع پر گرین شرٹس نے41.3 اوورز میں 3 وکٹ پر 202 رنز بنائے تھے تاہم 46 رنز کے اضافے سے دیگر تمام پلیئرز رخصت ہو گئیں، اننگز کا 49.1 اوورز میں 248 پر اختتام ہوا، بسمہٰ معروف نے 48 رنز بنائے، لیورا ڈیلینی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جواب میں آئرش ٹیم دو وکٹ پر92 رنز بنا کر کچھ خطرناک نظر آئی مگر پھر وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں اور43.1 اوورز میں 159 پر اننگز کا اختتام ہوگیا، سیسیلیا جوائس نے سب سے زیادہ 49 رنز اسکور کیے،سعدیہ یوسف نے35 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
Load Next Story