پیپلز پارٹی نے صدارتی امیدوار کیلئے رضا ربانی کو نامزد کردیا

مجھ پر اعتماد چھوٹے صوبوں میں احساس محرومی ختم کرنے کا باعث بنے گا، رضا ربانی

18ویں ترمیم کے تحت صدر کا کردار بہت محدود ہوگیا ہے تاہم ہم پاکستان کو حقیقی آئینی ریاست کے طور پر چلانا چاہتے ہیں، رضا ربانی فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی نے 6 اگست کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے لئے رضا ربانی کو اپنا صدارتی امیدوار نامزد کیا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر امین فہیم نے کہا کہ پارٹی قیادت اور کارکنان نے متفقہ طور پر رضا ربانی کو اپنا صدارتی امیدوار نامزد کیا ہے۔ اس موقع پر رضا ربانی نے صدارتی امیدوار نامزد کرنے پر پارٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ صدر کے لئے اپوزیشن کا مشترکہ امیدوار لانے کی کوشش کریں گے۔


رضا ربانی نے کہا کہ ان پر اعتماد چھوٹے صوبوں میں احساس محرومی ختم کرنے کا باعث بنے گا اور ان کی کوشش ہوگی کہ محمدعلی جناح کے وژن کو عملی جامہ پہنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم کے تحت صدر کا کردار بہت محدود ہوگیا ہے تاہم ہم پاکستان کو حقیقی آئینی ریاست کے طور پر چلانا چاہتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ اگلا صدارتی انتخاب جمہوریت کا آئینہ دار ہو۔

دوسری جانب ایم كیو ایم اگلے 2 دن اپنے امیدوار کا اعلان یا كسی دوسرے امیدوار كی حمایت كا فیصلہ كرے گی، اس ضمن میں رابطہ كمیٹی كے اجلاس میں لائحہ عمل طے كیا جائے گا تاہم حتمی فیصلہ ایم كیو ایم كے قائد الطاف حسین كریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) نے بھی صدارتی انتخابات کے لئے 6 ناموں کو حتمی شکل دے دی ہے۔
Load Next Story