سپر ہائی وے پر مضر صحت کھانے سے ایک ہی خاندان کے 15 افراد بے ہوش

پولیس نے بیہوش افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا

دکاندار کو گرفتار کرکے چاول اور رنگ کے نمونے لیبارٹری بھیج دیے ہیں،عرفان بہادر (فوٹو: فائل)

ہنگورہ گوٹھ میں مبینہ طور پر مضر صحت کھانے سے ایک ہی خاندان کے 15 افراد بے ہوش ہوگئے جنھیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ایکسپریس کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے ہنگورہ گوٹھ میں مبینہ طور پر مضرصحت کھانا کھانے سے ایک ہی خاندان کے 15 افراد کی حالت غیر ہوگئی۔ پولیس نے تمام متاثرہ افراد کو ابتدائی طبی امداد کے لیے ٹول پلازا کے قریب نجی اسپتال منتقل کیا۔ متاثرہ خاندان میں مرد بچے اور خواتین بھی شامل ہیں تاہم تمام افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔


ایس ایس پی ملیر عرفان علی بہادر کے مطابق گزشتہ شام متاثرہ خاندان نے علاقے کی ایک دکان سے چاول اور زردے کا رنگ خریدا، گھر میں کھانا پکا کرکھانے سے تمام افراد بے ہوش ہوگئے جنھیں قریبی نجی اسپتال منتقل کیا گیا بعدازاں پولیس نے دکان دارکوگرفتار کرلیا۔

عرفان علی بہادر نے بتایا کہ خریدے گئے چاول اور زردے کے رنگ کے نمونے لے کر لیبارٹری بھیج دیے ہیں جس کی رپورٹ کا انتظار ہے جس کے بعد صورتحال واضح ہوجائے گی۔
Load Next Story