شعیب اختر مجھ پر ذاتی حملے کررہے ہیں سرفراز احمد

مجھ سے جو غلطی ہوئی اس پر معافی مانگ چکا ہوں اور آئی سی سی نے جو مناسب سمجھا وہ کیا، سرفراز احمد

پرستاروں نے سرفراز احمد کے حق میں پوسٹر اٹھائے ہوئے تھے، فوٹو: فائل

آئی سی سی کی پابندی کے شکار قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد جنوبی افریقا سے وطن واپس پہنچ گئے، ان کا کہنا ہے کہ شعیب اختر مجھ پر تنقید نہیں ذاتی حملے کررہے ہیں۔

جنوبی افریقی بیٹسمین پر دوران میچ نسلی تعصب پر مبنی جملے کسنے پر آئی سی سی نے سرفراز احمد پر 4 میچز کی پابندی عائد کررکھی ہے جس کی وجہ سے انہیں پروٹیز کے خلاف ون ڈے سیریز ادھوری چھوڑ کر وطن واپس لوٹنا پڑا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پابندی لگنے کے بعد سرفراز کو پہلی دستیاب فلائٹ سے پاکستان آنے کی ہدایت کی تھی، سرفراز احمد کراچی کے ایئرپورٹ پہنچے تو وہاں موجود پرستاروں نے کپتان کے حق میں نعرے بازی سے ان کا استقبال کیا۔


یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی نے سرفراز احمد پر 4 میچوں کی پابندی لگادی

پرستاروں نے سرفراز احمد کے حق میں پوسٹر اٹھائے ہوئے تھے اور وہ مسلسل کپتان کے حق میں نعرے لگا رہے تھے، ایئرپورٹ پر موجود میڈیا کے نمائندوں سے مختصر گفتگو میں سرفراز احمد نے کہا کہ مجھ سے جو غلطی ہوئی اس پر معافی مانگ چکا ہوں جب کہ آئی سی سی نے جو مناسب سمجھا وہ کیا ۔

کپتان کا کہنا تھا کہ میرا دفاع کرنا اور واپس بلانا پی سی بی کا اچھا فیصلہ تھا،5 ماہ سے مستقل کرکٹ کھیل رہا ہوں اب پی ایس ایل پر پوری توجہ دوں گا، جب ان سے صحافی نے سوال کیا کہ سابق کرکٹر خصوصا شعیب اختر کی تنقید پر آپ کیا کہیں گے؟ تو جواب میں کپتان نے کہا کہ وہ تنقید نہیں مجھ پر ذاتی حملے کر رہے ہیں ۔
Load Next Story