سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی ہڑتال جاری او پی ڈیز بند مزید پریشان

ڈاکٹروں کو مریضوں کی پرواہ نہیں، متاثرین،اسپتالوں میں آئے مریض ڈاکٹرز کا گھنٹوں انتظار کرنے کے بعد واپس جانے پر مجبور

کل پریس کلب کا رخ کرکے وزیر اعلیٰ ہاؤس تک مارچ کریں گے،کب تک خاموش رہیں، حق کے لیے لڑ رہے ہیں، ینگ ڈاکٹرز۔ فوٹو: فائل

سندھ بھر کے سرکاری اسپتالوں سمیت کراچی میں ینگ ڈاکٹرز تنخواہوں، ہیلتھ الاؤنس، انشورنس، سروس اسٹریکچر اور دیگر الاؤنسز صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے ہاؤس آفیسرز کے مساوی کرنے کے مطالبات پر دوسرے روز بھی سراپا احتجاج رہے اور سرکاری اسپتالوں میں او پی ڈیز کا مکمل بائیکاٹ کردیا۔

سندھ حکومت کی جانب سے تنخواہیں پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے ڈاکٹروں اور ہاؤس آفیسرز کے مساوی نہ کرنے پر ینگ ڈاکٹرز نے احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 31 جنوری کو پریس کلب کا رخ کرکے وزیر اعلیٰ ہاؤس پر مارچ کرینگے، کب تک خاموش رہیں حق کے لیے لڑ رہے ہیں، جناح، سول، لیاری جنرل اسپتال اور دیگر اسپتالوں میں او پی ڈیز مکمل طور پر بند رکھیں جبکہ سندھ کے دیگر ضلعوں کشمور، گھوٹکی، سکھر، لاڑکانہ، حیدرآباد سمیت تمام ضلعوں کے اسپتالوں میں بھی او پی ڈیز کا بائیکاٹ کیا گیا۔

تیمارداروں کا کہنا تھا کہ دور دراز سے کرایہ لگا کر سرکاری اسپتال آتے ہیں جہاں دیکھنے کے لیے ڈاکٹرز ہی موجود نہیں ہیں، حکومت اور ڈاکٹرز کے درمیان غریب عوام پس رہی ہے، سرکاری اسپتال عوام کو لوٹنے میں مصروف ہے، ڈاکٹروں کو مریضوں کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔


الاؤنس بڑھادیے ،ڈاکٹرز ہڑتال ختم کریں ، عذرا فضل پیچوہو

وزیر صحت نیعذرا فضل پیچوہو کہا کہ مختلف کیڈرز میں اضافہ 25 ہزار سے 75 ہزار تک کیا گیا ہے، گریڈ 17 اور 18 کے ڈاکٹرز 60 ہزار تک الاؤنس لے سکیں گے، گریڈ 19 اور 20 کے ڈاکٹرز 90 ہزار روپے تک الاؤنس لے سکیں گے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ محکمہ صحت سندھ میں محکمہ صحت کے ملازمین گریڈ 17 جنرل کیڈر اور ڈینٹسٹ کو ماہانہ 15 ہزار، میڈیکل ڈاکٹرز گریڈ 18، 19 اور 20 جنرل کیڈر، اسپیشلسٹ، ڈینٹل سرجن ماہانہ 10000، میڈیکل اسٹاف کو ماہانہ بنیادی تنخواہ کے مساوی، جے پی ایم سی اور این آئی سی ایچ کے ملازمین کو ماہانہ بنیادی تنخواہ کا نصف اور سیور نگ اسٹاف کو تنخواہ کا 20 فیصد دیا جا رہا ہے۔

علاوہ ازیں محکمہ صحت سے ضلع تھرپارکر میں فرائض انجام دینے والے اسپیشلسٹ کو ایک لاکھ چالیس ہزار روپے، میڈیکل آفیسرز گریڈ 17 کو 90 ہزار روپے جبکہ میڈیکل اسٹاف کو 10 ہزار روپے ماہانہ ادا کر رہا ہے۔
Load Next Story