کترینااور رنبیرکپوربالی وڈ کی نئی پریم کہانی

اسپین میں چھٹیاں مناتے جو ڑے کی تصاویر نے راز فاش کردیا

اسپین میں چھٹیاں مناتے جو ڑے کی تصاویر نے راز فاش کردیا فوٹو : فائل

بالی وڈ کے خوبرو اداکار رنبیر کپور حال ہی میں کترینا کیف کے ساتھ اسپین میں چھٹیاں مناتے دیکھے گئے اور میڈ یا کو ان کے ''افیئر'' کے بارے میں اپنا شک یقین میں بدلتا نظر آنے لگا لیکن انہوں نے ا بھی تک اپنے ''تعلقات'' کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔

لیکن سوشل میڈیا پر شائع ہونے والی تصاویر کے سامنے آجانے کے بعد اب وقت آگیا ہے کہ دونوں ہی عوام کے سامنے اپنی محبت کا اعتراف کرلیں کیوں کہ اسپین کے ساحلی شہر ازابیا میں لی گئی تصاویر ان کی محبت کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔

اس ''عجب پریم کی غضب کہانی '' کا پس منظر جاننے کے لئے ہمیں 5سال پیچھے جانا پڑے گا۔

رنبیر کی کترینا سے پہلی ملاقات اس کی سالگرہ کی پارٹی میںہوئی تھی اور یہ ملاقات کرانے والا کوئی اور نہیں بلکہ رنبیر کی اس وقت کی محبوبہ دپیکا پڈکون تھیں۔ اور یہ وہ ہی پارٹی تھی جہاں کترینا کی وجہ سے شاہ رخ اور سلمان خان کی لڑائی ہوئی تھی ۔تاہم کترینا نے ہمیشہ اس بات کی تردید کی ہے کہ اس کی سالگرہ کی پارٹی میں کسی قسم کی لڑائی ہوئی تھی۔

اس پارٹی کے ایک سال بعد ہی رنبیر اور کتریناکیف کو راج کمار سنتوشی کی فلم ''عجب پریم کی غضب کہانی '' میں ایک ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ لیکن اس وقت تک سلمان خان کترینا اور رنبیر دپیکا کی محبت کا دم بھرتے تھے۔ لیکن ترکی کے رومان پرور ماحول میں فلم''عجب پریم کی غضب کہانی'' کے عکس بند کیے گئے گانوں''تیرا ہونے لگا ہوں'' اور ''تو جانے نہ '' کے نتیجے میں پیدا ہونے والی قربت نے دونوں کو ایک دوسرے کے مزید قریب کردیا اور ان ہی قربتوں کی خبریں میڈیا میں آنے کے بعد رنبیر اور دپیکا میں اختلافات ہوئے جو بعد میں علیحدگی پر منتج ہوئے۔ رنبیر نے بعدمیں اسٹار ڈسٹ کو دیے گئے انٹرویو میں دپیکا سے تعلقات ختم کرتے ہوئے کہا تھا کہ ''ہاں ،میں دھوکا دیا ہے،اپنی ناتجربہ کاری سے،اپنی نا سمجھی سے''۔


2010میں فلم راج نیتی کی تشہیری مہم میں رنبیر کیسنگت میں ''اسکول گرل'' کی طرح کھل کھلاتی کترینا کا طرز عمل بھی ان دونوں کی محبت کی چغلی کھا رہا تھا۔ فلم راج نیتی کی ریلیز کے کچھ عرصے بعد رنبیر اور کترینا تعلقات سرد مہری کا شکار ہو گئے تھے ۔

دوسری جانب جب رنبیر کی محبت کے فسانو ں کی خبریں رنبیر کے والد اور سینئر اداکار رشی کپور تک پہنچی تو ان کا یہ کہنا تھا''میرا بیٹا بھی دوسرے جوان لڑکوں کی طرح ہے ابھی نہیں کرے گا تو کب کرے گا۔''

نومبر2011میںکترینا نے رنبیر کے ساتھ اپنے تعلقات ازسر نو بحال کرنے کا فیصلہ کیااور رنبیر نے بھی تعلقات مظبوط بنانے میں کترینا کی حوصلہ افزائی کی۔ اس کے بعد ان کامیڈیا کے ساتھ ''چھپن چھپائی'' کا کھیل شروع ہوا۔ یہ جوڑی کبھی ریسٹورینٹ تو کبھی کسی کی پارٹی میں ایک ساتھ دکھائی دیے تو کبھی کترینا کو رنبیر کے گھر پر دیکھا گیا۔

حال ہی میں رنبیر اور کترینا نے مکاؤ میں ہونے والی آئیفا ایوارڈ تقریب کے بعداسپین میں چھٹیاں منانے کا فیصلہ کیا لیکن ''عشق چھپتا نہیں چھپانے سے '' کے مصداق ''لو برڈز '' کے مداحوں نے انہیں اسپین کے تفریحی مقامات پر ایک دوسرے کی محبت کا دم بھرتے دیکھا اوران کی تصاویر سوشل میڈیا پر شائع کردیں۔

اگلے دن ہی ممبئی کے اخبارات نے ان تصاویر کو اپنے پہلے صفحات پر جگہ دے دی۔ لیکن دونوں نے اس کے بعد بھی اپنی محبت کا اعتراف نہیں کیا اور اسپین سے واپسی پر ممبئی کے چھترا پتی شیوا جی انٹر نیشنل ہوائی اڈے پر بھی میڈیا سے کترا کر نکل گئے۔ جب کہ 16جولائی کوباندرہ میں کترینا کے گھر پر ہونے والی سالگرہ پارٹی کے موقع پر رنبیر نے اپنی ''لیڈی لو''کو ہیروں سے مزین ایک قیمتی جیولری سیٹ تحفے میں دیا تھا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ رنبیر اور کترینا کب اپنے مداحوں کے سامنے کھل کر اپنی محبت کا اظہار کرتے ہیں یا نہیں۔
Load Next Story