بلال کالونی پولیس نے 2 ڈاکوؤں کورشوت کے عوض چھوڑ دیا

شہریوںکے ہاتھوں پکڑے جانے والے ڈاکوؤں کی رہائی پرعلاقہ مکینوں میں اشتعال

ڈاکونیوکراچی سیکٹر 5-M میں لوٹ مار کررہے تھے، خمیسو گوٹھ کے رہائشی ہیں۔ فوٹو: فائل

بلال کالونی پولیس نے شہریوں کے ہاتھوں پکڑے جانے والے 2 ڈاکوؤں کو مبینہ طور پر رشوت کے عوض چھوڑ دیا ۔

جس پر علاقہ مکینوں میں اشتعال پھیل گیا ہے، تفصیلات کے مطابق بلال کالونی تھانے کی حدود نیو کراچی سیکٹر 5-M میں پیر کی دوپہر موٹر سائیکل پر سوار 2 ڈاکو راہگیروں سے لوٹ مار کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ مشتعل افراد نے تعاقب کے بعد 2 ڈاکوؤں کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنا کر اسلحے سمیت گشت پر مامور پولیس موبائل کے حوالے کر دیا ، پولیس ذرائع کے مطابق دونوں ڈاکوؤں کو ایس ایچ او بلال کالونی انسپکٹر چنگیز خان کے کمرے میں لے جایا گیا جہاں 2گھنٹے تک انھیں بٹھایا گیا اور بعدازاں دونوں ڈاکوؤں کو موٹر سائیکل سمیت چھوڑ دیا گیا۔




پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پکڑے جانے والے دونوں ڈاکو نیو کراچی خمیسو گوٹھ کے رہائشی بتائے جاتے ہیں اور حراست کے دوران انھوں نے فون کر کے اہلخانہ کو صورتحال سے آگاہ کیا جس کے بعد کچھ افراد تھانے پہنچے اور جوڑ توڑ کے بعد دونوں ڈاکوؤں کو مبینہ طور پر 55 ہزار روپے رشوت کے عوض چھڑا لیا ، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کے قبضے سے ملنے والا پستول پولیس نے رکھ لیا جبکہ سرخ رنگ کی 125 موٹر سائیکل بغیر نمبر پلیٹ کے تھی تاہم بائیک پر پولیس کا اسٹیکر لگا ہوا تھا ۔

بلال کالونی پولیس کی جانب سے رنگے ہاتھوں پکڑے جانے والے ڈاکوؤں کو چند گھنٹوں کے بعد مبینہ طور پر رشوت کے عوض چھوڑے جانے کی اطلاع پر علاقہ مکینوں میں شدید اشتعال پھیل گیا ، اس حوالے سے ایس ایچ او چنگیز خان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو انھوں نے فون سننے سے گریز کیا ۔
Load Next Story