خواجہ برادران کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی نیب درخواست مسترد

عدالت نے سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کو 14 روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

حکومت قومی اسمبلی کو اسکول کی اسمبلی بنانا چاہتی، سعد رفیق فوٹو: فائل

احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں خواجہ برادران کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کے لیے نیب کی درخواست مسترد کر دی۔

لاہور میں احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کی سماعت کی، نیب نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کو پیش کیا۔


نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ نیب کو ملزمان سے مزید تفتیش کرنی ہے، اس لئے ان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 7 روز کا اضافہ کیا جائے۔ عدالت نے فریقین کے موقف سننے کے بعد خواجہ برادران کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کو 14 روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

قومی اسمبلی یا اسکول کی اسمبلی

عدالت میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ حکومت نے اپوزیشن کے احتجاج سے خوفزدہ ہو کر قومی اسمبلی کا اجلاس لمبے عرصے کے لئے ملتوی کر دیا، وزیراعظم اور ان کے بعض ساتھیوں نے اسمبلی کی حرمت کو کبھی تسلیم نہیں کیا، حکومت قومی اسمبلی کو اسکول کی اسمبلی بنانا چاہتی ہے، اسپیکر قومی اسمبلی ہمارے پروڈکشن آرڈرز روکنے کے لیے شدید حکومتی دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں، پروڈکشن آرڈرز جاری نہ کرنا منتخب ایوان کی توہین ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں میری نمائندگی کے بعد میرا نوٹی فکیشن روکے رکھنا پارلیمانی روایت کے منافی ہے، تحریک انصاف کی حکومت کا انتقامی رویہ ایسا ہی رہا تو یہ لوگ جلد سیاست کے پاتال تک پہنچ جائیں گے۔
Load Next Story