نواز شریف کی درخواست ضمانت کی سماعت عدالت میں میڈیکل رپورٹس جمع

نیب کا نواز شریف کی درخواست ضمانت کی مخالفت کا فیصلہ 

نیب کا نواز شریف کی درخواست ضمانت کی مخالفت کا فیصلہ  فوٹو:فائل

ہائی کورٹ میں نواز شریف کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی اور ان کی میڈیکل رپورٹس عدالت میں جمع کرادی گئیں جب کہ نیب نے نواز شریف کی ضمانت کی مخالفت کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست کی سماعت ہوئی تو نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئیں۔ اس موقع پر خواجہ آصف، راجہ ظفرالحق، طلال چوہدری، دانیال عزیز، سائرہ افضل تارڑ، ظفر اقبال جھگڑ اور دیگر ن لیگی رہنما بھی ہائیکورٹ پہنچ گئے۔

پنجاب حکومت کے اسپیشل میڈیکل بورڈ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کو دل کی شریانوں کا مرض لاحق ہے، انہیں ایسے اسپتال میں رکھا جائے جہاں 24 گھنٹے اچھی طبی سہولیات میسر ہوں، دل کے مرض کی وجہ سے ان کے پرانے معالج سے بھی مشورہ کیا جائے۔ رپورٹ میں ٹیبلٹ کو تبدیل کرنے اور مریض کے لیے مستقل آرام بھی تجویز کیا گیا ہے جبکہ انجکشنز کی تعداد میں 20 سے بڑھا کر 24 کردی گئی ہے۔


جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ہم نے قانون کے مطابق فیصلہ کرنا ہے، میڈیکل بورڈ کے ڈاکٹر بھی آئندہ سماعت پر عدالت حاضر ہوں۔ عدالت نے تمام رپورٹس فریقین کو دینے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست ضمانت کی سماعت آئندہ منگل تک ملتوی کردی۔

نیب نے نواز شریف کی درخواست ضمانت کی مخالفت کا فیصلہ کیا ہے۔ نیب حکام نے پراسیکیویشن ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ نواز شریف کی درخواست ضمانت پر مخالفت کی جائے، کیونکہ صرف بیماری کی وجہ سے سزا یافتہ مجرم کو ضمانت نہیں دی جاسکتی، میڈیکل بورڈ کی سفارش پر مجرم کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

 

 
Load Next Story