وزیراعظم نے آزاد کشمیر کی تحریک عدم اعتماد میں غیرجانبدار رہنے کی ہدایت کی ہے پرویز رشید

مسلم لیگ ن وفاق میں سیاسی تبدیلی ہوتے ہی آزاد كشمیر میں حكومت كا تختہ الٹ دینے کی روایت کا خاتمہ چاہتی ہے، پرویز رشید

نواز شریف نے ہمیشہ اقتدار كی بجائے اقدار كی سیاست كو فروغ دیا ہے جس كا اظہار خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں صوبائی حكومتوں كے قیام كے دوران كیا گیا ہے، پرویز رشید فوٹو: فائل

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات اور حکومتی ترجمان سینیٹر پرویز رشید نے كہا ہے كہ وزیراعظم نواز شریف نے وزیر اعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں پارٹی اراکین کو غیر جانبدار رہنے کی ہدایت کی ہے۔


سرکاری خبر رساں ایجنسی سے گفتگو كرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ نواز شریف نے پاكستان مسلم لیگ (ن) آزاد كشمیر كی پارلیمانی پارٹی كو ہدایت كی ہے كہ وہ وزیراعظم آزاد كشمیر كے خلاف تحریک عدم اعتماد كے موقع پر نہ تو رائے شماری میں حصہ لے اور نہ ہی كسی سیاسی انتشار اور حكومت كے جوڑ توڑ میں كوئی كردار ادا كرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس روایت كا خاتمہ چاہتے ہیں كہ وفاق میں سیاسی تبدیلی ہوتے ہی آزاد كشمیر میں حكومت كا تختہ بھی الٹ دیا جائے۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ پاكستان مسلم لیگ (ن) محسوس كرتی ہے كہ پاكستان اور پاكستانی عوام كو نہایت ہی سنجیدہ اور پیچیدہ مسائل كا سامنا ہے جنہیں حل کرنے کے لئے عوام نے انہیں منتخب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ اقتدار كی بجائے اقدار كی سیاست كو فروغ دیا ہے جس كا اظہار خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں صوبائی حكومتوں كے قیام كے دوران كیا گیا ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story