انڈر 19 ورلڈ کپبھارت نے فیصلہ کن معرکے میں جگہ بنالی

سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو9 رنز سے شکست،اپراجیت کا آل رائونڈ کھیل

انڈر 19 ورلڈ کپ:سیمی فائنل میچ میں بھارتی اوپنر پرشانت چوپڑہ کا زور دار اسٹروک، عقب میں کیوی وکٹ کیپر بھی موجود (فوٹو : ایکسپریس)

GILGIT:
بھارت نے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 9 رنز سے زیر کر کے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے فیصلہ کن معرکے میں جگہ بنا لی، بابا اپراجیت نے نصف سنچری و ایک وکٹ کی پرفارمنس پر مین آف دی میچ ایوارڈ پایا، تیسری بار ٹرافی گھر لے جانے کا عزم لیے بلو شرٹس اتوار کو میزبان آسٹریلیا کے مدمقابل ہوں گے جس نے اعزاز کے دفاع پر نگاہیں مرکوز کی ہوئی ہیں۔


تفصیلات کے مطابق ٹونی آئرلینڈ کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارت نے209 رنز کے کمتر اسکور کا بھی عمدگی سے دفاع کر لیا،اس کا کریڈٹ عمدہ بولنگ اور فیلڈنگ کو جاتا ہے، کیوی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 200 رنز تک محدود رہی،ابتدا میں جوئے کارٹر زیادہ تر رنز بناتے رہے،مائیکل ڈیوڈسن نے محتاط انداز اپنایا اور16 ویں گیند پر کھاتہ کھولا، وہ 6 رنز پر رخصت ہوئے،کارٹر(30) اور ہورن (10) نے ٹیم کا اسکور53 تک پہنچایا مگر پھر تین اوورز میں اتنی ہی وکٹیں گر گئیں اور اسکور 4وکٹ پر 63 ہو گیا، اسپنر ہرمیت سنگھ نے ان میں سے دو پلیئرز کا شکار کیا،اس کے بعد کیویز فتح کی راہ سے ہٹ گئے، فلیچر کے 53رنز ہدف تک پہنچانے میں ناکافی ثابت ہوئے۔

قبل ازیں بھارت نے حریف کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹ پر 209 رنز بنائے،ایک موقع پر 132 پر صرف ایک وکٹ گری اور بلو شرٹس بڑے اسکور کی جانب گامزن تھے تاہم اچانک بیٹنگ لائن تباہی کا شکار ہو گئی،انمکت چاند 31اور پرشانت چوپڑہ52 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے،کیوی کپتان ول ینگ نے مڈ وکٹ پر ڈائیو لگا کر ایک ہاتھ سے پرشانت کا کیچ تھاما جسے ایونٹ کا بہترین کیچ قرار دیا جا رہا ہے،بابا اپراجیت نے 44 رنز کی اننگز کھیلی،لیفٹ آرم اسپنر بین ہورن نے 28 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
Load Next Story