بلاول بھٹوزرداری نے بھی جعلی اکاؤنٹس کیس میں نظرثانی درخواست دائرکردی

سپریم کورٹ سات جنوری کے فیصلے پر نظرثانی کرے، درخواست میں استدعا

سپریم کورٹ 7 جنوری کے فیصلے پر نظرثانی کرے، درخواست میں موقف۔ فوٹو : فائل

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اورسندھ حکومت نے بھی جعلی اکاؤنٹس کیس میں نظرثانی درخواستیں دائر کردیں۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی جعلی اکاؤنٹس کیس میں جے آئی ٹی کی تشکیل اورحساس اداروں کے ممبران کی شمولیت پراعتراض اٹھاتے ہوئے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں نظرثانی درخواست دائر کردی۔


درخواست میں موقف اختیارکیا گیا کہ سپریم کورٹ نے 7 جنوری کو جے آئی ٹی کی رپورٹ سے نام نکالنے کا حکم دیا، تحریری فیصلے میں نام جے آئی ٹی رپورٹ سے نکالنے کا کوئی ذکرنہیں، سپریم کورٹ اپنے صوابدیدی اختیارکے پیرامیٹرزطے کرے۔

درخواست میں کہا گیا کہ جے آئی ٹی کی تشکیل میں میری کوئی رضامندی شامل نہیں تھی، جے آئی ٹی میں حساس اداروں کے ممبران کا کیا کام ہے، ریکارڈ کے مطابق یہ مقدمہ نیب کا نہیں بیکنگ کورٹ کا بنتا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ طے کیا جائے کہ کس نوعیت میں صوابدیدی اختیارکا استعمال ہوسکتا ہے ، سپریم کورٹ 7 جنوری کے فیصلے پر نظرثانی کرے۔

اس سے قبل سندھ حکومت کی جانب سے بھی جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں نظرثانی درخواست سپریم کورٹ میں دائرکی گئی، جس میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ 7 جنوری کے حکم نامے میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اورچیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا نام نکالنے کے لئے زبانی احکامات دیے تھے، کیس کی مزید انکوائری اسلام آباد میں کرنے سے انتظامی مسائل پیدا ہوں گے۔ درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ کیس کی انکوائری کا تمام ریکارڈ نیب کراچی کے حوالے کیا جائے، اگر کوئی نیب ریفرنس تیار ہوتا ہے تو وہ کراچی میں دائر کیا جائے۔
Load Next Story