سگریٹ کی پیداوار اور سپلائی کی مانیٹرنگ کیلیے غیر ملکی کنسلٹنٹ مقرر

FBR کو اس ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم سے سال میں 25 ارب روپے کا اضافی ریونیو ملے گا، سگریٹ مزید مہنگے ہونے کا امکان

ٹیکنیکل بڈنگ کے بعد فنانشل بڈنگ ہوگی، کامیاب کمپنی کو سسٹم کی تنصیب اور پیکٹ کے لیے اسٹمپ کا لائسنس ملے گا۔ فوٹو: گیٹی/فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے سگریٹ کی پیداوار و سپلائی کی الیکٹرانک مانیٹرنگ کیلیے غیر ملکی کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے عالمی بینک کے تعاون سے سگریٹ کی پیداوار و سپلائی کی الیکٹرانک مانیٹرنگ کیلیے 9 سال سے زیر التوا ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی تنصیب کیلئے غیر ملکی کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔

اس سسٹم کی تنصیب سے سگریٹ سیکٹر سے ایک سال میں 25 ارب روپے کا اضافی ریونیو حاصل ہوگا جبکہ اس سسٹم پر ایف بی آر کی کوئی لاگت نہیں آئے گی اورکنسلٹنٹس کی تنخواہ و مراعات عالمی بینک ادا کرے گا جبکہ سسٹم کی تنصیب پر آنے والی لاگت سگریٹ مینوفیکچررز برداشت کریں گے جس سے ملک میں سگریٹ مزید مہنگے ہونے کا امکان ہے۔


فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) ذرائع نے گزشتہ روز ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی تنصیب کیلیے 4غیر ملکی کنسلٹنٹس نے اظہار دلچسپی کی درخواستیں جمع کروائیں تھیں جن میں سے ڈیوڈ اینڈرسن (David Anderson کو کنسلٹنٹ مقررکیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی تنصیب کا منصوبہ فائنل مرحلے میں داخل ہوچکا ہے اور توقع ہے کہ جلد یہ سسٹم نصب کرکے سگریٹ کی الیکٹرانک مانیٹرنگ شروع ہوجائے گی۔

 
Load Next Story