رنویرسنگھ کی فلم ’’گلی بوائے‘‘ کو پاکستان میں ریلیزکا سرٹیفکیٹ مل گیا

فلمی حلقے ’’گلی بوائے‘‘ میں رنویر سنگھ کی پرفارمنس کو ان کے کیریئر کی بیسٹ پرفارمنس قرار دے رہے ہیں

سندھ سنسر بورڈ پہلے ہی فلم کو نمائش کی اجازت دے چکی ہے۔ فوٹوفائل

نامور بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ اور عالیہ بھٹ کی فلم ''گلی بوائے'' کو سنسر سرٹیفکیٹ مل گیا فلم ویلنٹائن ڈے پر سنیماؤں کی زینت بنے گی۔

ڈسٹری بیوشن کلب کے زیر اہتمام 14 فروری کو پاکستانی سنیماؤں کی زینت بننے کے لیے تیار بالی ووڈ کی نئی رومانوی ڈرامہ فلم ''گلی بوائے'' کو پنجاب سنسر بورڈ نے عام نمائش کا سرٹیفکیٹ جاری کردیا ہے، فلم کا سنسر شو گزشتہ روز لاہور کے مقامی سنیما میں منعقد کیا گیا جب کہ اس سے قبل سندھ سنسر بورڈ پہلے ہی فلم کو نمائش کی اجازت دے چکا ہے۔


ڈائریکٹر زویا اختر کی ہدایت کاری میں بنی فلم میں رنویر سنگھ نے ایک ریپر سنگر کا کردار ادا کیا ہے، فلم کا پریمیئر شوچند روز قبل برلن فلم فیسٹیول میں منعقد کیا گیا جسے شائقین کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی فلم میکرز کی بھی خصوصی پزیرائی حاصل ہوئی۔

دوسری جانب فلمی حلقے ''گلی بوائے'' میں رنویر سنگھ کی پرفارمنس کو ان کے کیریئر کی بیسٹ پرفارمنس قرار دے رہے ہیں جس میں رنویرنے اپنی شخصیت کے برعکس کردار میں ڈھل کر بہترین اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ فلم میں عالیہ بھٹ نے مسلمان لڑکی سفینہ علی کا کردار ادا کیا ہے اور رنویر کے ساتھ عالیہ کی آن اسکرین کیمسٹری کا جادو پردہ سیمیں پر بھرپور انداز میں سامنے آیا ہے جس پر فلمی حلقوں نے ''گلی بوائے'' کے سپرہٹ ہونے کی پیش گوئی کردی ہے۔
Load Next Story