بھارت جنوبی افریقہ کو ’حکم عدولی‘ پر مزہ چکھائے گا

لورگاٹ کو چیف ایگزیکٹیو بنانے کی سزا چیمپئنز لیگ کی ملکیت سے ہٹاکر دینے پر غور

لورگاٹ کو چیف ایگزیکٹیو بنانے کی سزا چیمپئنز لیگ کی ملکیت سے ہٹاکر دینے پر غور۔ فوٹو: فائل

ORAKZAI:
بھارتی کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کو 'حکم عدولی' پر مزہ چکھانے کا فیصلہ کرلیا، ہارون لورگاٹ کو چیف ایگزیکٹیو بنانے کی سزا چیمپئنز لیگ کی ملکیت سے ہٹاکر دی جاسکتی ہے۔

ٹور بھی مختصر کرکے پروٹیز بورڈ پر مالی ضرب لگائی جائیگی، حتمی فیصلہ اتور کو ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائیگا۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ نے خود کو کرکٹ کا بے تاج بادشاہ سمجھنے والے بھارتی بورڈ کی واضح مخالفت کے باوجود ہارون لورگاٹ کو چیف ایگزیکٹیو مقرر کردیا، اس حکم عدولی پر بی سی سی آئی سخت غصے میں آگیا اور پروٹیز کو اس کا مزہ چکھانے کا فیصلہ کرچکا ہے۔


بھارتی بورڈ اس وقت سے لورگاٹ کا سخت مخالف ہے جب وہ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو تھے، انھوں نے بھارت کی پروا کیے بغیر ڈی آر ایس کے نفاذ کو لازمی قرار دینے اور وولف رپورٹ پر عملدرآمد کی کوشش کی۔



جب سی ایس اے نے چیف ایگزیکٹیو کے عہدے کیلیے لورگاٹ کے نام پر غورشروع کیا تو بی سی سی آئی کی جانب سے اسے ایسا نہ کرنے کا حکم دیا گیا مگر پروٹیز بورڈ نے اپنے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے لورگاٹ کو عہدہ سونپ دیا، اب بی سی سی آئی نے جنوبی افریقہ کوچیمپئنز لیگ ٹوئنٹی 20 کی شراکت سے الگ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گذشتہ ہفتے لندن میں سی ایل کی میٹنگ ہوئی جس میں بھارتی، آسٹریلوی اور جنوبی افریقی بورڈ کے نمائندے شریک ہوئے، یہ اجلاس ناخوشگوار رہا، بی سی سی آئی نے واضح کیا کہ چیمپئنز لیگ کی سی ایس اے کے ساتھ شراکت کو ختم کرنے کا آپشن موجود ہے، البتہ ٹیموں کی لیگ میں شرکت جاری اور کرکٹ آسٹریلیا بدستور پارٹنر رہے گا۔ اسی طرح بھارتی بورڈ نے جنوبی افریقہ کے نومبر میں شیڈول ٹور کو بھی مختصر کرنے کا ذہن بنالیا ہے، اس بارے میں حتمی فیصلہ ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں ہوگا۔
Load Next Story