بوم بوم آفریدی دنیائے کرکٹ میں 400 چھکے لگانے والے پہلے کرکٹر بن گئے

شاہد آفریدی ٹیسٹ میں 52، ون ڈے میں 314 اور ٹی 20 میں 34 بار گیند کو باؤنڈری لائن سے باہر پہنچا چکے ہیں۔

شاہد آفریدی سری لنکا اور بھارتی بالروں کو 71،71 چھکے لگا چکے ہیں، فوٹو : فائل

پاکستان کے اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی دنیائے کرکٹ میں 400 چھکے لگانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔


شاہد خان آفریدی نے سینٹ ونسنٹ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں سنیل نارائن کی جانب سے کرائی گئی بال پر گیند کو باؤنڈری لائن سے باہر پھینک کر اپنے چھکوں کی چوتھی سنچری مکمل کی، 33 سالہ شاہد آفریدی نے اپنا پہلا چھکا 1996 میں نیروبی میں سری لنکا کے خلاف لگایا اور اپنے کیریئر کے دوران سب سے زیادہ پٹائی بھی انہوں نے سری لنکن اور بھارتی بالروں کی ہی کی ہے۔ شاہد آفریدی 27 ٹیسٹ میچوں میں 52، 359 ون ڈے میں 314 اور 60 ٹی ٹونٹی میچوں میں 34 بار گیند کو آسمانوں کی سیر کرانے کے بعد باؤنڈری لائن سے باہر پہنچا چکے ہیں۔

شاہد آفریدی جہاں بین الاقوامی مقابلوں میں 400 چھکے لگانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں وہیں وہ ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنے میں آسٹریلوی کھلاڑی شین واٹسن کے ہم پلہ بھی ہوگئے ہیں۔
Load Next Story