نشے میں دھت موٹر سائیکل سوار کراچی ایئرپورٹ کے بین الاقوامی لاؤنج میں پہنچ گیا

اے ایس ایف اہل کار نشے میں دھت موٹر سائیکل سوار کے پارکنگ سے انٹرنیشنل لاؤنج میں داخل ہوجانے سے بے خبر رہے

اے ایس ایف اہلکار موٹر سائیکل سوار کے انٹرنیشنل لاؤنج میں داخل ہونے سے بے خبر رہے (فوٹو : فائل)

جناح ٹرمینل ائیرپورٹ پر مشکوک موٹر سائیکل سوار بین الاقوامی آمد کے لاؤنج میں بائیک سمیت گھس آیا، موٹر سائیکل سوار کی وجہ سے لاؤنج میں بھگڈر مچ گئی جس پر اے ایس ایف اہل کاروں نے بائیک سوار کو دبوچ لیا۔

ایکسپریس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں بائیک سوار ذہنی مریض ثابت ہوا، واقعے کے وقت الکوحل کے زیر اثر تھا، تلاشی کے دوران پاسپورٹ اور موبائل فون کے علاوہ کوئی ممنوعہ چیز برآمد نہیں ہوئی۔

ائیر پورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہفتے کی شام 6 بج کر 30 منٹ پر جناح ٹرمینل ائیر پورٹ پر ایگزٹ کی جانب سے رانگ وے پر موٹر سائیکل چلاتے ہوئے، بائیک سوار بین الاقوامی روانگی کے لاؤنج میں گھس آیا، جس کے مزید کسی ارادے یا نقصان سے قبل ہی لاؤنج میں موجود اے ایس ایف اہل کاروں نے اسے دھرلیا، اس دوران بائیک سوار کی جانب سے شدید مزاحمت بھی کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ائیرپورٹ کے لاؤنج میں داخل ہونے والا 25 سالہ عادل رحمن ڈیفنس فیز 2 کا رہائشی ہے اور اس کا آبائی تعلق ہری پور(ہزارہ ) سے ہے، واقعے کے بعد جناح ٹرمینل ائیرپورٹ انتظامیہ نے بم ڈسپوزل کے عملے کو بھی طلب کیا جبکہ لاؤنج میں داخل ہوتے وقت بائیک سوار نشے کی حالت میں تھا۔


ائیرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ زیر حراست بائیک سوار سے ائیر پورٹ تھانہ پولیس اور اے ایس ایف حکام نے تفتیش کی تاہم گرفتار بائیک سوار کی جانب سے اس عجیب وغریب حرکت پر کوئی ٹھوس دلیل نہیں دی گئی،ابتدائی بیانات کے دوران بائیک سوار نے تیزی سے بیانات تبدیل کیے۔

بائیک سوار کے پاس فرانس کی شہریت ہے، دوران تلاشی اس کے قبضے سے پاسپورٹ بھی برآمد ہوا جس پر فرانس کا ویزا لگا ہوا ہے، گرفتار بائیک سوار عادل رحمن سن 2018ء میں فرانس سے پاکستان پہنچا ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ بائیک سوار کا ذہنی توازن درست نہیں ہے، ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزم بائیک سوار نے اعتراف کیا ہے کہ فرانس میں سکونت کے دوران بھی وہ مارپیٹ کرچکا ہے۔

ذرائع کے مطابق دوران تلاشی اس کے قبضے سے موبائل فون اور فرانس کے ویزا لگے پاسپورٹ کے علاوہ کوئی ممنوعہ چیز برآمد نہیں ہوئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی ائیرپورٹ پر ریڈ الرٹ کے باوجود بائیک سوار کا تمام سیکیورٹی حدود کو پھلانگتے ہوئے داخل ہونا سخت ترین سیکیورٹی غفلت ہے،غفلت و لاپروائی کے ارتکاب میں اے ایس ایف کے علاوہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سیکیورٹی اینڈ ویجی لینس کا عملہ بھی برابرکا مرتکب ہے۔

بیٹا دماغی مرض کا شکار ہے دورے پڑتے ہیں، والد

دوسری جانب بائیک سوار شخص عادل رحمن کے والد محمد صابر نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا بیٹا عادل رحمن کئی برس سے دماغ کی پیچیدہ بیماری کا شکار ہے، دیگر تین بیٹے بھی اسی بیماری میں مبتلا ہیں، عادل کا قائد آباد کے ایک ذہنی امراض کے اسپتال میں علاج جاری ہے، ادویات کے مسلسل استعمال کے باوجود عادل دورہ پڑنے پر اپنے حواس کھو دیتا ہے اور ائیرپورٹ پر بائیک سمیت داخل ہونے کی حرکت عادل سے اسی دورے کی وجہ سے سرزد ہوئی۔
Load Next Story