ون مین آرمی کوشل پریرا نے جنوبی افریقہ سے فتح چھین لی

وشوا کے ہمراہ آخری وکٹ کیلیے 78 کی ریکارڈ شراکت، سری لنکا کامیاب

مہمان الیون نے 304 کا ہدف سنسنی خیز معرکے میں 9 پلیئرز کھوکر حاصل کرلیا۔ فوٹو: فائل

ون مین آرمی کوشل پریرا نے پروٹیز کے منہ سے فتح چھین لی اور دنیا کا خطرناک ترین اٹیک اپنے میدانوں پر ہاتھ ملتا رہ گیا۔

سری لنکا کے کوشل پریرا نے ٹیسٹ کرکٹ کی سنسنی خیزی کی ایک بار پھر سے بھرپور جھلک دکھاتے ہوئے اپنی ٹیم کو جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ایک وکٹ سے فتح دلادی، 304 رنز ہدف کے تعاقب میں جانیوالی سری لنکن ٹیم 226 رنز پر 9 وکٹیں کھو چکی تھی جب وکٹ پر کوشل پریرا کو وشوا فرنانڈو نے جوائن کیا، اس وقت ٹیم کو فتح کیلیے مزید 78 رنز کی ضرورت تھی۔

اس موقع پر کوشل پریرا نے سینئر کھلاڑی ہوتے ہوئے ساری ذمہ داری اپنے کندھوں پر لی، انھوں نے زیادہ تر اسٹرائیک اپنے پاس رکھ کر مجموعے کو آگے بڑھانا شروع کیا اور آخر کار اعصاب شکن معرکے میں ٹیم کو فتح کی دہلیز عبور کرادی۔


آخری وکٹ کیلیے 78 رنز کی ریکارڈ شراکت میں ان کا حصہ 72 رنز تھا، وہ 153 رنز پر ناقابل شکست رہے جوکہ انکے کیریئر کا بہترین اسکور ہے، انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، فرنانڈو نے اگرچہ صرف 6 رنز بنائے مگر ایک اینڈ سنبھالے رہے۔ مہاراج نے 3 جبکہ اسٹین اور اولیور نے 2، 2 وکٹیں لیں۔

ڈربن ٹیسٹ کے ہیرو کوشل پریرا جذبات میں بولنا ہی بھول گئے

ڈربن ٹیسٹ کے ہیرو کوشل پریرا جذبات میں بولنا ہی بھول گئے، انھیں جب مین آف دی میچ ایوارڈ کیلیے بلایا گیا تو وہ فوری طور پر اپنے جذبات کا اظہار نہیں کرپائے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں تھکا ہوا ہوں، میں نہیں جانتا کہ کیا کہوں، تاہم تھوڑے توقف کے بعد وہ بولے کہ یہ فتح پوری ٹیم کی کوشش سے ممکن ہوئی، خاص طور پر ٹیل اینڈرز نے مجھے اچھی سپورٹ دی، میں نے صرف اپنا حصہ ڈالا باقی فتح ایک ٹیم کے طور پر حاصل ہوئی۔
Load Next Story