ایم کیو ایم کو ہمیشہ حکومت میں رہنے کا شوق ہے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ

متحدہ اس بار بھی حکومت میں شامل ہونے کی روایت برقراررکھتےہوئےوفاقی حکومت میں شامل ہونے کاخواب دیکھ رہی ہے،قائم علی شاہ

صوبے میں 1979 کا بلدیاتی نظام مختلف ترامیم کے ساتھ نافذ کرنا چاہتی ہے اس سلسلے میں مشاورت جاری ہے۔ قائم علی شاہ فوٹو: فائل

وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کو ہمیشہ حکومت میں شامل رہنے کا شوق ہوتا ہے،پیپلز پارٹی نے انہیں سندھ حکومت میں شمولیت کی دعوت دی تھی لیکن اسے شائد مرکزی حکومت پسند ہے۔


سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سید قائم علی شاہ نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ اب پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد میں شامل نہیں رہی،انہیں ہمیشہ حکومت میں شامل رہنے کا شوق ہوتا ہے، اب کی بار بھی روایت برقرار رکھی ہے اور وفاقی حکومت کے خواب دیکھ رہی ہے لیکن اب بھی ایم کیو ایم کی سندھ حکومت میں شمولیت کے امکانات ختم نہیں ہوئے۔

وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ صدارتی انتخاب کے سلسلے میں صوبائی اسمبلی کا اجلاس قانونی طور پر طلب کیا گیا ہے،پیپلز پارٹی نے صدارتی انتخاب کا بائیکاٹ کررکھا ہے تاہم جو اس انتخاب میں حصہ لینا چاہے تو لے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے میں 1979 کا بلدیاتی نظام مختلف ترامیم کے ساتھ نافذ کرنا چاہتی ہے اس سلسلے میں مشاورت جاری ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلی سندھ نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز پر حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے لئے پانچ لاکھ اور زخمیوں کے لیے ایک لاکھ روپے امداد کا اعلان بھی کیا۔
Load Next Story