نیب تحریک انصاف کے وزیراعظم کا آلہ کار ہے سعید غنی

نیب دوران تفتیش کسی کو گرفتار کرسکتی ہے تو وزیر اعظم کو بھی کرے، وزیرِ بلدیات سندھ

چیئرمین نیب پی ٹی آئی کے وزرا سے ملاقاتیں کرتے ہیں، وزیرِبلدیات سندھ فوٹو: فائل

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ نیب تحریک انصاف کے وزیراعظم کا آلہ کار ہے۔


کراچی میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے لیے الگ الگ قانون ہے، اگر نیب دوران تفتیش کسی کو گرفتار کرسکتی ہے تو وزیر اعظم اور دیگر کو بھی کرے۔ اگر اہل خانہ کو حبس بے جا میں رکھنا جائز ہے تو عمران خان کے اہل خانہ کو بھی رکھیں۔

وزیرِ بلدیات سندھ نے کہا کہ ہماری قیادت کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے جارہے ہیں، آغا سراج کو کراچی میں بھی گرفتار کیا جاسکتا تھا لیکن یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے خلاف ساری کارروائیاں راولپنڈی میں ہوگی، پنجاب کے کسی بھی رہنما کا احتساب سندھ میں نہیں ہورہا لیکن پیپلزپارٹی والوں کا احتساب اسلام آباد میں ہورہا ہے، ہم جب اس پر بات کرتے ہیں تو ہمیں کہا جاتا ہے کہ سندھ کارڈ استعمال کررہے ہیں، نیب تحریک انصاف کے وزیراعظم کا آلہ کار ہے، چیئرمین نیب پی ٹی آئی کے وزرا سے ملاقاتیں کرتے ہیں، احتساب کے نام پر تماشا اور کھلواڑ کیا جارہا ہے، ہم اس کھیل کو جلد بے نقاب کریں گے۔
Load Next Story