کراچی اسٹاک مارکیٹ فروخت پر دباؤ مزید30پوائنٹس گر گئے

انڈیکس 23285 پوائنٹس پر بند، 354 کمپنیوں میں سے 136 کی قیمتوں میں اضافہ، 195 کے دام گھٹ گئے

سرمایہ کاروں کو 11 ارب 53 کروڑ روپے کا نقصان،کاروباری حجم 19 فیصد زائد، 20 کروڑ22 لاکھ حصص کے سودے فوٹو: فائل

کراچی اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو بھی اتارچڑھاؤ کے بعد کاروباری صورتحال مندی کی لپیٹ میں رہی ۔

جس سے انڈیکس کی 23300 کی حد بھی گرگئی، 55 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے مزید11 ارب 53 کروڑ51 لاکھ3 ہزار984 روپے ڈوب گئے۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں دوبارہ تیزی کے لیے جمپ اسٹارٹ نیوز کی ضرورت ہے کیونکہ گزشتہ مہینوں کے دوران مارکیٹ میں ریکارڈ نوعیت کی تیزی کے بعد فی الوقت کریکشن کا رحجان غالب ہو گیا ہے۔ بعض دیگر ماہرین کا کہنا ہے کہ صدرمملکت کے الیکشن منعقد ہونے کے بعد امکان ہے کہ بدھ کو کاروباری میں دوبارہ تیزی رونما ہوجائے بصورت دیگر عیدالفطر کے بعد ہی مارکیٹ میں بڑی نوعیت کی تیزی رونما ہوسکے گی۔




ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں، این بی ایف سیز اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے مجموعی طور پر70 لاکھ64 ہزار133 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی جس سے ایک موقع پر 151.12 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی23400 کی حد بھی بحال ہوگئی تھی لیکن اس دوران مقامی کمپنیوں کی جانب سے41 لاکھ86 ہزار 409 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے28 لاکھ50 ہزار 559 ڈالر اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے 27 ہزار 165 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا مارکیٹ کے رخ کو تبدیل کرتے ہوئے مندی کا سبب بنا نتیجتاً کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 30.34 پوائنٹس کی کمی سے23284.81 ہوگیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 27.26 پوائنٹس کی کمی سے 18152.24 اور کے ایم آئی30 انڈیکس196.40 پوائنٹس کی کمی سے 40755.33 ہوگیا۔

کاروباری حجم پیر کی نسبت 18.84 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر20 کروڑ 22 لاکھ 37 ہزار850 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار354 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں136 کے بھاؤ میں اضافہ، 195 کے داموں میں کمی اور23 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں وائتھ پاکستان کے بھاؤ44.27 روپے بڑھ کر 1750 روپے اور سیمینس پاکستان کے بھاؤ 43.14 روپے بڑھ کر 906.13 روپے ہوگئے جبکہ ڈریم ورلڈ کے بھاؤ 11.70 روپے کم ہوکر222.30 روپے اور اٹک ریفائنری کے بھاؤ9.88 روپے کم ہو کر 262.93 روپے ہو گئے۔
Load Next Story