الیکشن جمہوری طریقے سے ہوا کسی کا اعتراض نہیں بنتا عابد شیر علی

صدارتی انتخاب پراعتراض نہیں کیا، اصل معاملہ ن لیگ کا نہیں بلکہ عدلیہ کا ہے، مولابخش چانڈیو

صدارتی انتخاب پراعتراض نہیں کیا، اصل معاملہ ن لیگ کا نہیں بلکہ عدلیہ کا ہے، مولابخش چانڈیو فوٹو : فائل

ن لیگ کے رہنما عابد شیرعلی نے کہا ہے کہ صدارتی انتخابات میں ہم نے آئینی راستہ اختیارکیا اور پیپلزپارٹی نے راہ فراراختیار کی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام ٹودی پوائنٹ میں میزبان شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ میاں صاحب کی خواہش تھی کہ پیپلزپارٹی الیکشن میں حصہ لے، صدارتی الیکشن جمہوری طریقے سے ہوا ہے کسی کے اعتراض کرنے کی بات ہی کوئی نہیں، دودن آگے یا پیچھے ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ اہم ملکی معاملات میں پیپلزپارٹی وزیراعظم سے ملے، عمران خان ملنا چاہیں یا کوئی اور بھی ملنا چاہے توہمیں کوئی اعتراض نہیں ۔ نوازشریف عمرے پرجا رہے ہیں، واپسی پر وہ عمران خان اور پیپلزپارٹی کے لیڈروں سے بھی ملیں گے ۔ن لیگ جو اے پی سی بلائے گی وہ پہلے والی اے پی سیز جیسی نہیں ہوگی۔




پی پی کے رہنما مولابخش چانڈیو نے کہا کہ ہم نے صدارتی انتخاب پرکوئی بات نہیں کی اور نہ ہی کوئی اعتراض کیا ہے ، اصل معاملہ ن لیگ کا نہیں بلکہ عدلیہ کا ہے، ہم انتخاب کیخلاف نہیں، الیکشن کمشن کی کارروائی کیخلاف ہیں۔ ہمیں غلطی کا نہیں ن لیگ کو غلطی کا احساس ہوگا اوریہ پچھتائیں گے۔ ہمارے صدر نے نئے صدر کو مبارکباد دی ہے، اب قافلہ آگے بڑھنا چاہیے۔ سندھ کو بھی ویسی ہی نظر سے دیکھنا چاہیے جس نظر سے خیبرپختونخوا کو دیکھا جارہا ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ میری تمام لیڈروں سے درخواست ہے کہ خداکے لیے وہ کسی بھی معاملے میں انتہا پر نہ جائیں کل کو کیا ہو جائے پتہ نہیں ہوتا۔ ہم حکومت کے ہر مثبت اقدام کو سپورٹ کریں گے،اس وقت دنیا کے متعدد مسلم ممالک میں شیعہ سنی فسادات کو بھڑکانے کی سازش کی جا رہی ہے، پاکستان میں بھی ہو رہا ہے ایسے وقت میں مشاورت کیساتھ لائحہ عمل طے کرنے کی ضرورت ہے۔عمران خان نے نوازشریف اور کیانی سے ملاقات کی خواہش کی ہے تاکہ کسی جامع حکمت عملی تک پہنچا جا سکے، اگر ملاقات میں پیپلزپارٹی بھی ہو تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔
Load Next Story