پاک امریکا تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

مفاہمتی یادداشت کے تحت پاک امریکا کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی

وفاقی ایوان صنعت و تجارت ماحول، صنعت اور تجارت کو درپیش مسائل کے حل میں اہم کردارادا کرتا ہے فوٹو: ایف پی سی سی آئی

وفاقی ایوان صنعت و تجارت اور ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن نے پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی تعلقات میں بہتری کے لیے مفاہتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔

وفاقی ایوان صنعت و تجارت (فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری) کے صدر اور ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کے صدر محمد سعید شیخ نے پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی تعلقات میں بہتری لانے ، سرمایہ کاری اور کاروباری وفود کے تبادلوں کے لیے مفاہتی یادداشت پر دستخط کیے۔

فیڈریشن ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں وفاقی ایوان صنعت و تجارت کے سینئر نائب صدرڈاکٹر مرزا اختیار بیگ، نائب صدر مسلم محمودی، پاکستان چیمبر آف کامرس امریکا کے سابق صدر گل فراز خان، ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کراچی چیپٹر کے صدر نعیم قریشی اور دونوں آرگنائزیشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔


مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں فریق پاکستان اور امریکا درمیان کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے امداد باہمی اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے اہداف کی تکمیل اور تجاویزات کے لیے بین علاقائی مشاورتی میٹنگز بھی کریں گے۔

وفاقی ایوانِ صنعت و تجارت کا قیام 1950میں عمل لایا گیا، وفاقی ایوانِ صنعت و تجارت کو نجی شعبے کی مضبوط آواز سمجھا جاتا ہے اور یہ ادارہ اپنے قیام سے اب تک پاکستان میں برآمدات اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو بڑھانے اور ملک میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہمہ وقت حکومت کے شانہ بہ شانہ کھڑا رہا ہے ۔ معیشت کی شہ رگ سمجھے جانے والا یہ ادارہ حکومت اور نجی شعبے کے درمیان ایک پل کی حیثیت سے اپنی خدمات سر انجام دیتا ہے۔

وفاقی ایوان صنعت و تجارت ماحول، صنعت اور تجارت کو درپیش مسائل کے حل میں اہم کردارادا کرتا ہے اور حکومت کے ساتھ متواتر ڈائیلاگ کے ذریعے نجی شعبے کے مفادات کے تحفظ کا ضامن بھی ہے۔ ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن ایک مشترکہ آرگنائزیشن ہے جسے کراچی، ٹیکساس اور ہیوسٹن کی شہری حکومتوں نے مشترکہ طور پر تشکیل دیا ہے۔ اس کا مشن پیوپل ٹو پیوپل تبادلے کے ذریعے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان باہمی ربط ،مفاہمت و تعاون کے ساتھ امن کو فروغ دینا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سسٹر سٹیز انٹرنیشنل کے موجودہ اعزازی چیئرمین ہیں اور ہیوسٹن کے میئر سلویسٹر ٹرنرہیوسٹین کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کے مقامی اعزازی چیئرمین کی حیثیت سے اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ 2009میں اپنے قیام سے اب تک ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن تعلیم، صحت، انسانی خدمت ، تجارت اور ثقافت کے شعبوں میں کئی پراجیکٹس کو کام یابی سے پایہ تکمیل تک پہنچا چکی ہے۔
Load Next Story