نیب قانون میں ترمیم ہوئی تو اسے مضبوط بنانے کے لئے ہوگی فواد چوہدری

نواز شریف کی ضمانت قانونی طور پر ممکن نہیں تھی، وزیر اطلاعات

کشمیریوں کوآزادریاست کےشہریوں جیسےحقوق دیناہوں گے،وزیر اطلاعات فوٹو: فائل

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ نیب قانون میں اگر کوئی ترمیم ہوتی ہے تو وہ نیب کو مزید مضبوط بنانے کے لئے ہوگی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ احتساب بلا تفریق ہو رہا ہے، پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والوں کو بھی پکڑا گیا ہے، نواز شریف کی ضمانت قانونی طور پر ممکن نہیں تھی، اسلام آباد ہائی کورٹ نے قانونی طور پر فیصلہ دیا، اقتدار میں بھی رہیں اور کہیں کہ پاکستان میں علاج ممکن نہیں، علاج کیلئے باہر جانا ایمنیسٹی ہوگا اور آدھی جیلیں خالی ہو جائیں گی، نیب قانون میں اگر کوئی ترمیم ہوتی ہے تو وہ نیب کو مزید مضبوط بنانے کے لئے ہوگی۔


اس سے قبل کشمیر کانفرنس سے خطاب کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ ریاستی رٹ کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ اپنے شہریوں پر گولی چلائی جائے، لوگوں کو طاقت کے زور پر نہیں دبایا جاسکتا، لہو بہنے سے آگ بھڑکتی ہے بجھتی نہیں، اتنےبڑے الاؤ کو پھونکوں سے بجھایا نہیں جاسکتا، مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کرنا ہوں گے، کشمیریوں کو طاقت کے زور پر دبایا نہیں جاسکتا، انہیں آزاد ریاست کے شہریوں جیسے حقوق دینا ہوں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کشمیر نہ بھارت کا حصہ ہے نہ کبھی ہو گا۔ پاکستان امن چاہتاہے، بھارت کےعوام بھی جنگ نہیں چاہتے۔ وزیراعظم نے کہا تھا کہ بھارت ایک قدم بڑھائے ہم 2 بڑھائیں گے، پاکستان امن چاہتا ہے، تالی ہمیشہ دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے، آئیں بیٹھیں، ہم اپنا موقف رکھیں گے اور آپ اپنا رکھیں۔
Load Next Story