بجلی نرخوں میں اضافہ عوام کیلیے عید کا خوفناک ’’تحفہ‘‘ ہے ردعمل

خواجہ آصف عوام پر چوری کا الزام عائد کرکے بددیانتی کی نئی مثال قائم کررہے ہیں، اعجاز درانی

خواجہ آصف عوام پر چوری کا الزام عائد کرکے بددیانتی کی نئی مثال قائم کررہے ہیں، اعجاز درانی. فوٹو: فائل

وفاقی حکومت کا بجلی کے نرخوں میں مزید اضافہ عید کا خوفناک تحفہ، عوام کی خوشیوں پرڈرون حملہ اور نئی پاور پالیسی عوام کے لیے پھانسی کا پھندا ہے، حکومت فوری طور پر اضافے کے فیصلے کو واپس لے ورنہ پارلیمنٹ میں شدید احتجاج کیا جائیگا۔

ان خیالات کا اظہار مختلف سیاسی جماعتوں نے حکومت کی طرف سے بجلی کے قیمت میں اضافے اور قومی پاور پالیسی کی منظوری کے ردعمل میں کیا ہے۔ بلاول ہاؤس کے ترجمان اعجاز درانی نے اس بارے میں وفاقی وزیر بجلی کی پریس کانفرنس کوکھسیانی بلی کھمبا نوچنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خواجہ آصف بجلی کی چوری کا الزام عوام پر عائد کر کے بددیانتی اور نا انصافی کی ایک نئی مثال قائم کررہے ہیں، بجلی کی چوری کو روکنے کی ذمے داری عوام پرنہیں حکومت پر عائد ہوتی ہے ۔




ترجمان نے یاددہانی کرائی کہ ن لیگ نے انتخابی دعوے کیے تھے کہ دوماہ کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کردی جائے گی لیکن اب عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے سنگاپور اور جاپان کی مثالیں دی جارہی ہیں۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرمیاں محمود الرشید نے مشترکہ بیان میں حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی ظالمانہ اقدام قرار دیا ۔ امیرجماعت اسلامی سید منور حسن نے حکومت کی طرف سے سی این جی ، پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میںمجوزہ اضافے پر شدیدردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے عیدکے موقع پر عوام کی خوشیوںپرڈرون حملہ قراردیا ۔
Load Next Story