پولیس میں 1000 خواتین اہلکاروں کی بھرتی جلد شروع ہوگی آئی جی سندھ

پولیس کے شعبوں میں اہم ذمے داریوں اور ایس ایچ اوز کی تقرری کیلیے خواتین افسران براہ راست درخواست دے سکتی ہیں، خطاب

ڈی آئی جیز اضلاع میں خواتین عملے کیلیے پک اینڈ ڈراپ سروس شروع کریں، سیکیورٹی اداروں میں خواتین کی خدمات سنگ میل کی مانند ہے۔ فوٹو: فائل

آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے کہا ہے کہ سندھ پولیس میں 1000 خواتین پولیس اہلکاروں کی بھرتی جلد شروع ہوگی۔

ڈاکٹر کلیم امام نے ڈرائیونگ لائسنس برانچ کلفٹن میں خواتین پولیس افسران اور اہلکاروں کے دربار سے خطاب کیا، دربار میں ویمن پولیس فورم (ڈبلیو پی ایف) سندھ چیپٹر کے تحت سندھ بھر میں تعینات خواتین پولیس افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔


اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی سندھ غلام سرور جمالی ، ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ ، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز سندھ عبدالخالق شیخ ، ڈی آئی جی جنوبی شرجیل کھرل اور ڈی آئی جی ڈرائیونگ لائسنس برانچ عمران یعقوب منہاس موجود تھے۔

آئی جی سندھ نے پولیس دربار میں سنے گئے مسائل اور مشکلات کو ترجیحی بنیاد پر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے تمام ڈی آئی جیز کو ہدایات جاری کیں کہ سینٹرل پولیس آفس کراچی کی طرز پر خواتین عملے کیلیے پک اینڈ ڈراپ سروس شروع کی جائے، سندھ پولیس میں 1000 خواتین پولیس اہلکاروں کی بھرتی جلد شروع ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کے جملہ شعبہ جات میں اہم ذمے داریوں اور تھانہ ایس ایچ اوز کی تقرریوں کیلیے خواتین پولیس افسران براہ راست درخواست دے سکتی ہیں،ڈی آئی جیز اضلاع میں خواتین عملے کیلیے پک اینڈ ڈراپ سروس شروع کریں۔
Load Next Story