ڈی جی رینجرز نے سینٹرل جیل میں سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا

جیل کے باہر سیکیورٹی انتظامات چیک کیے،آئی جی ،ڈی آئی جی جیل خانہ جات سے ملاقات

ڈی جی رینجرز نے آئی جی جیل خانہ جات نصرت منگن ، ڈی آئی جی جیل خانہ جات مظفر عالم صدیقی اور دیگر حکام کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔ فوٹو: محمد ثاقب/ ایکسپریس

ڈائریکٹر جنرل رینجرز سندھ میجر جنرل رضوان اختر نے سینٹرل جیل کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل رینجرز سندھ میجر جنرل رضوان اختر نے گزشتہ روز سینٹرل جیل کا دورہ کیا، اس موقع پر انھوں نے جیل کے باہر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ بھی لیا جبکہ جیل کے اندر مختلف حصوں کا بھی دورہ کیا ، انھوں نے پولیس اور جیل پولیس کے ساتھ مشترکہ حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا ، ڈی جی رینجرز نے آئی جی جیل خانہ جات نصرت منگن ، ڈی آئی جی جیل خانہ جات مظفر عالم صدیقی اور دیگر حکام کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور سیکیورٹی پلان پر تبادلہ خیال کیا ، اس ضمن میں ڈی آئی جی جیل خانہ جات مظفر عالم صدیقی نے ایکسپریس کو بتایا کہ ڈی جی رینجرز تقریباً 2 گھنٹے جیل میں رہے ۔




اس دوران انھوں نے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور سیکیورٹی پلان کا بھی جائزہ لیا ، ڈی آئی جی نے مزید بتایا کہ جیل کی سیکیورٹی میں رینجرز کا تعاون بھی شامل ہے،علاوہ ازیں ڈی جی رینجرز نے اپنے دورے کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کرنے کی غرض سے حکام کو10کلوز سرکٹ ٹی وی کیمرے دینے کی بھی یقین دہانی کرائی، سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب سے مانیٹرنگ مزید سخت ہوجائے گی اور مشتبہ افراد یا مشتبہ پارسل پر کڑی نگاہ رکھی جاسکے گی۔
Load Next Story