ورلڈکپ میں سیکیورٹی معاملات پرکڑی نظررکھی جائیگی

آئی سی سی نے ممبران کو یقین دہانی کرا دی، پاکستان پر پابندی کی بات ڈسکس نہیں ہوئی

ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کوالیفائرز کی میزبانی اسکاٹ لینڈ اور یو اے ای کو مل گئی۔ فوٹو:فائل

آئی سی سی نے ورلڈ کپ کے اختتام تک سیکیورٹی معاملات پر کڑی نظر رکھنے کا اعلان کردیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی بورڈ میٹنگ دبئی میں ختم ہوگئی جس کے اختتام پر اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا،آئی سی سی نے بھارتی کرکٹ بورڈ کی ای میل کے جواب میں ایک بار پھر تمام ممبران کو ورلڈ کپ میں بہترین سیکیورٹی اقدمات کی یقین دہانی کرا دی، ساتھ اس بات کی بھی تصدیق کردی گئی کہ ایونٹ کے اختتام تک تمام معاملات پر گہری نظر رکھی جائے گی۔

چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن نے کہاکہ ہم نے انگلش بورڈ کی شراکت سے میگا ایونٹ کی سیکیورٹی کا بہترین پلان تیار کرلیا،کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کی سلامتی کیلیے متعلقہ اتھارٹیز کے ساتھ کام جاری رکھیں گے۔


بورڈ میٹنگ میں بھارت کے مطالبے پر پاکستان پر پابندی کی بات پر کوئی تبادلہ خیال نہیں کیا گیا، رواں برس شیڈول آئی سی سی مینز اور ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کوالیفائرز کیلیے بالترتیب یو اے ای اور اسکاٹ لینڈ کو میزبان ملک کے طور پر منتخب کیا گیا، اسکاٹ لینڈ میں ویمنز ایونٹ 31 اگست سے 7 ستمبر تک کھیلا جائیگا جبکہ یو اے ای مینز کوالیفائرز کی میزبانی 11 اکتوبر سے 3 نومبر تک کریگا۔

آئی سی سی بورڈ نے ویمنز کمیٹی کی تشکیل نو اور دائرہ اختیار کی بھی منظوری دی، جسکے تحت یہ کمیٹی ویمنز کرکٹ کے فروغ کیلیے مختلف اقدامات اٹھائے گی، خواتین کو دنیا بھر میں کھیل میں انتظامی لیول پر مواقع فراہم کرنے میں کردار ادا کریگی، ویمنز کے مختلف مقابلوں کے انعقاد اور اہمیت بڑھانے کیلیے اقدمات ہونگے۔

کمیٹی میں چیئرپرسن کے ساتھ2 فل ممالک کے نمائندے، ایک ایسوسی ایٹ ملک، 2 چیف ایگزیکٹیو کمیٹی ، ایک غیر جانبدار، ایک میڈیا، سابق پلیئرز کے 2اور ایک ون ڈے کوچز کا نمائندہ شامل ہوگا۔

 
Load Next Story