بھارتی میڈیا نے مولانا مسعود اظہر کے انتقال کی افواہیں پھیلا دیں

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ مولانا مسعود اظہر بھارتی ائیر سٹرائیک میں زخمی ہوگئے اور دو مارچ کو انتقال کرگئے

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ مولانا مسعود اظہر بھارتی ائیر سٹرائیک میں زخمی ہوگئے اور دو مارچ کو اسپتال میں انتقال کرگئے (فوٹو: فائل)

BERLIN:
بھارتی میڈیا نے مولانا مسعود اظہر کے مرنے کی جھوٹی خبریں پھیلا دیں۔

پلوامہ حملے کے بعد سے بھارتی میڈیا مسلسل بدحواسی کا شکار ہے اور پاکستان مخالف پراپیگنڈا میں نت نئی کہانیاں بنانے میں مصروف ہے، بھارتی میڈیا نے گزشتہ روز کالعدم جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر کے انتقال کی خبر بریکنگ نیوز کے طورپر نشر کی اور ان کے انتقال کی جھوٹی خبر سے متعلق کئی کہانیاں بھی بنائیں۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ مولانا مسعود اظہر بھارتی ائیر فورس کی ائیر سٹرائیک میں زخمی ہوگئے اور انہیں اسلام آباد میں ایک ملٹری اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا جہاں وہ دو مارچ کو انتقال کرگئے۔


پاکستانی حکام نے گلف نیوز کو بتایا ہے کہ مولانا مسعود اظہر کے انتقال کی خبر میں کوئی صداقت نہیں وہ زندہ ہیں اس حوالے سے سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلی ہوئی ہیں۔

کالعدم جیش محمد کے ذمہ داران نے بھی بھارتی میڈیا کے اس منفی اوربے بنیاد پراپیگنڈا کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ مولانا مسعود اظہر خیریت سے ہیں اور ان کے جاں بحق ہونے کی خبریں جھوٹی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق مولانا مسعود اظہر کافی عرصہ سے گردوں کے عارضہ میں مبتلا ہیں اور ان کا ڈائیلاسز کیا جاتا ہے۔

مبصرین کے مطابق بھارتی میڈیا نے یہ پراپیگنڈا وزیر خارجہ کے اس بیان کے بعد شروع کیا جس میں شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ مولانا مسعود اظہر بیمار ہیں۔ مبصرین کے مطابق بھارت اب مولانا مسعود اظہر کی موت کی جھوٹی خبر پھیلا کر ان کی صحت اور رہائش کے مقام بارے معلوم کرنا چاہتا ہے۔

بھارتی میڈیا کی بدحواسی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ وہ مولانا مسعود اظہر کے بارے میں بتاتا رہا کہ وہ اسلام آباد کے ملٹری اسپتال میں زیرعلاج تھے حالانکہ اسلام آباد میں کوئی ملٹری اسپتال ہی نہیں ہے۔
Load Next Story