ایفیڈرین کیس مزید 3 ملزمان نے جوابات داخل کرادیئے سماعت 17 اگست تک ملتوی

سابق سیکرٹری صحت خوشنود لاشاری کے وکیل کے پیش نہ ہونےکےباعث کیس کی سماعت ملتوی کردی گئی۔

ایفیڈرین کیس میں علی موسیٰ گیلانی، مخدوم شہاب الدین اور حنیف عباسی کے خلاف بھی کارروائی جاری ہے۔ فوٹو: فائل

انسداد منشیات کی خصوصی عدالت میں ایفی ڈرین کیس میں ملوث ملزمان کی اثاثہ جات بحالی درخواستوں کے سلسلہ میں آخری تین نامزد ملزمان نے بھی جوابات داخل کرا دیئے تاہم بحث نہ ہونے کے باعث مزید کیس کی سماعت 17اگست تک ملتوی کر دی گئی۔



راولپنڈی میں انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج ارشد محمود تبسم کے ایفی ڈرین کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران ایفی ڈرین کیس کے نامزد ملزمان ڈرگ کنٹرولر شیخ انصار، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈرگ کنٹرول عبدالستار سورانی اور فارما سوٹیکل کمپنی کے مالک انصر فاروق چوہدری نے اثاثاجات کی بحالی کے لئے دائر درخواست پر اپنے اپنے جوابات داخل کرائے تاہم سابق سیکرٹری صحت خوشنود اختر لاشاری کے وکیل عدالت میں پیش نہ ہوسکے، جس کے باعث کیس پر کوئی بحث نہ ہوسکی اور سماعت 17اگست تک ملتوی کردی گئی۔


واضح رہے کہ ایفیڈرین کیس میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی موسیٰ گیلانی، سابق وفاقی وزیر صحت مخدوم شہاب الدین اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کے خلاف بھی کارروائی جاری ہے۔

Load Next Story