کراچی واٹر بورڈ پاکستان اسٹیل کا34کروڑ روپے کا مقروض ہے

ادارے کی جانب سے میڈیا کو غلط اعداد وشمار جاری دئے جارہے...

بلوں کی رقم کی کٹوتی کے بعد بھی واٹر بورڈ کی جانب پاکستان اسٹیل کے تقریباً15کروڑ روپے واجب الادا بنتے ہیں. فوٹو: فائل

کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ پاکستان اسٹیل کا34کروڑ روپے کا مقروض ہے، بلوں کی رقم کی کٹوتی کے بعد بھی واٹر بورڈ کی جانب پاکستان اسٹیل کے تقریباً15کروڑ روپے واجب الادا بنتے ہیں، پاکستان اسٹیل کے ترجمان کے مطابق واٹر بورڈ کی جانب سے پاکستان کے اہم ترین قومی صنعتی ادارے پر واجبات کی مد میں غلط اعداد و شمار میڈیا کو جاری کیے جارہے ہیں حقیقت یہ ہے کہ پاکستان اسٹیل ہر ماہ باقاعدگی سے کراچی واٹر بورڈ کے بلوں کی مد میں ادائیگی کرتا ہے، ماہ جون2012 میں کراچی واٹر بورڈ کو2کروڑ روپے جبکہ ماہ جولائی میں3 کروڑ روپے کی ادائیگی کی گئی ہے۔


مزید یہ کہ کراچی واٹر بورڈ خود پاکستان اسٹیل کے تقریباً34 کروڑ روپے کا مجموعی طور پر مقروض ہے جوکہ سیوریج اور کنزروینسی کی مد میں بحکم سندھ ہائی کورٹ، واٹر بورڈ پر واجب الادا ہیں اور اس سلسلے میں پاکستان اسٹیل نے واٹر بورڈ کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر کے نام6جون 2012 اور منیجنگ ڈائریکٹر کے نام30 جولائی کو واجب الادا رقم کی ادائیگی کیلیے یاد دہانی کا خط بھی بھیجا تاہم واجبات کی تاحال پاکستان اسٹیل کو ادائیگی نہیں کی گئی، پاکستان اسٹیل نے مالی وسائل کی کمی کے باوجود واٹر بورڈ کو ہر ماہ ادائیگیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
Load Next Story