عید کیلیے غیر معمولی سیکیورٹی پلان تیار کیا جائے آئی جی سندھ

صوبائی اور وفاقی انٹیلی جنس ایجنسیوں سے شیئرنگ کو خاص اہمیت دی جائے

مساجد،عید گاہوں اور شاپنگ سینٹرز پر پولیس فورس کی نمایاں تعیناتی ہونی چاہیے۔ فوٹو: فائل

QUETTA:
انسپکٹر جنرل پولیس سندھ شاہد ندیم بلوچ نے پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی کے واقعات اور سنگین جرائم میں گرفتار ملزمان سے کی جانے والی تفتیش کو سامنے رکھتے ہوئے عید الفطر کے لیے غیر معمولی سیکیورٹی پلان تیار کیا جائے۔

مضبوط و مربوط خفیہ نیٹ ورک، انٹیلی جنس کلیکشن اور صوبائی و وفاقی انٹیلی جنس کی دیگر ایجنسیوں سے شیئرنگ کو خاص اہمیت دی جائے، انھوں نے کہا کہ عید کنٹی جینسی پلان میں پولیس رینج ، زون اور اضلاع کے لحاظ سے مساجد، امام بارگاہوں، عید گاہوں، پبلک مقامات اور شاپنگ سینٹرز پر پولیس فورس کی نمایاں مقامات پر ڈپلائمنٹ یقینی بنائی جائے، انھوں نے کہا کہ صوبائی سطح پر اور بالخصوص جرائم کی وارداتوں سے متاثرہ شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی اور اسنیپ چیکنگ کو نہ صرف موثر بنایا جائے بلکہ موٹر سائیکل، موبائل اور پیدل گشت کے لیے بھی تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔




آئی جی نے کہا کہ ممکنہ ناخوشگوار واقعے کی بروقت روک تھام اور مشکوک و مشتبہ سرگرمیوں کے موثر سدباب کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کی موجودگی کے ساتھ سیکیورٹی مانیٹرنگ جیسے اقدامات کیے جائیں، موثر وائرلیس نظام، مارکیٹوں میں پولیس رپورٹنگ سینٹرز کے قیام اور سادہ لباس اہلکاروں کی تعیناتیوں جیسے ضروی امور بھی کنٹی جینسی پلان میں شامل کیے جائیں، انھوں نے عید کے موقع پر ٹریفک کی بلاتعطل روانی کے ضمن میں ٹریفک پولیس کو بھی جامع پلان تیار کرنے کی ہدایت کی ۔
Load Next Story