جامعہ کراچی ڈگری کلاسز کے ضمنی امتحانات کی بحالی کا منصوبہ ناکام

شیخ الجامعہ نے جامعہ کی آمدنی بڑھانے کیلیے نتائج کے جلد اجرا اور ضمنی امتحانات کی بحالی کا فیصلہ کیا تھا

آخری بار امتحانات8 برس قبل ہوئے، ناظم امتحانات اساتذہ کے آگے بے بس،پہلی بار بی ایس سی کے نتائج عید کے بعد جاری ہونگے۔ فوٹو: فائل

جامعہ کراچی کے شعبہ امتحانات کی ناقص کارکردگی کے باعث ڈگری کلاسز کے ضمنی امتحانات کی بحالی کامنصوبہ ناکامی سے دوچار ہوگیا ہے۔

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد قیصر نے یونیورسٹی کے ذرائع آمدن اورطلبا کا قیمتی سال ضائع ہونے سے بچانے کے لیے نتائج کے جلد اجرا اور ضمنی امتحانات کی بحالی کا فیصلہ کیا تھا اور اس سلسلے میں ناظم امتحانات پروفیسر ارشد اعظمی کو خصوصی ہدایت بھی جاری کی تھی تاہم اس منصوبے پر عمل نہیں ہوسکا، جامعہ کراچی میں آخری بار ڈگری کلاسز کے ضمنی امتحانات سابق ناظم امتحانات پروفیسر انور زیدی کے دورمیں8 برس قبل لیے گئے تھے تاہم ان کوہٹانے کے بعد سابق پرو وائس پروفیسر اخلاق احمد نے یہ سلسلہ روک دیا تھا جوتاحال رکا ہوا ہے، ضمنی امتحانات منعقدنہ ہونے سے ہزاروں طلبا کا قیمتی وقت ضائع ہو رہا ہے جبکہ جامعہ کراچی خطیر آمدنی سے محروم ہورہی ہے۔




یہ طلبا علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، اردویونیورسٹی اوردیگر جامعات کارخ کررہے ہیں، چند ماہ قبل ڈاکٹر محمد قیصر نے ناظم امتحانات پروفیسر ارشد اعظمی کو ضمنی امتحان منعقد کروانے کی ہدایت کی تھی جس پر انھوں نے مئی میں ڈگری کلاسز کے تمام نتائج جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی تاہم اساتذہ کے آگے بے بس ناظم امتحانات نتائج کے جلد اجرا میں ناکام رہے، بی کام کے نتائج جولائی کے آخر میں جاری ہوئے جبکہ بی ایس سی کا نتیجہ تاحال جاری نہیں ہوسکا، جامعہ کراچی کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہوگا کہ بی ایس سی کے نتائج عید الفطرکے بعد جاری ہوں گے۔

قابل ذکر امر یہ ہے کہ ڈائریکٹوریٹ ایوننگ پروگرام نے شام کی کلاسز کے لیے ماسٹرز کی داخلہ فہرست بھی بی ایس سی کے نتائج کے اجرا کے بغیر ہی جاری کردی، حیرانگی کی بات یہ ہے کہ جامعہ کراچی نے اپنے بی ایس سی پروگرام کے نتائج توجاری نہیں کیے تاہم ماسٹرزمیں داخلے دے ڈالے، ادھر شعبہ امتحانات نے ڈگری کے سالانہ امتحانات کے سلسلے میں امتحانی فارم وصول کرنے کی تاریخ بھی جاری کردی ہے جس سے واضح ہوگیا ہے کہ شعبہ امتحانات کی جانب سے شیخ الجامعہ کے احکامات کے باوجود ضمنی امتحانات کے انعقاد کا منصوبہ ختم کر دیا گیا ہے، یاد رہے کہ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر نے موجودہ ناظم امتحانات کونتائج کے بروقت اجرا، امتحانی نتائج میں شفافیت، ڈگری کلاسز کے ضمنی امتحانات کے انعقاد اور کاپیوں کی سینٹرلائز اسسمنٹ کی ذمے داریاں سونپی تھیں۔
Load Next Story