نوجوانوں کی قومی اسکواڈ میں شمولیت جلد بازی قرار

آفریدی نے سرفرازسمیت اہم کھلاڑیوں کوآرام دینے کی بھی مخالفت کردی

ٹیم ورلڈکپ جیت سکتی ہے،آرتھر ڈریسنگ روم میں پرسکون رہیں،آل راؤنڈر فوٹو: فائل

شاہد آفریدی نے نوجوان پلیئرزکی قومی اسکواڈ میں شمولیت کو جلد بازی قرار دے دیا سابق کپتان نے سرفرازاحمد سمیت اہم کھلاڑیوں کو آرام دینے کی بھی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم ورلڈ کپ جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے بس ہیڈ کوچ مکی آرتھر ڈریسنگ روم میں پُرسکون رہیں۔


تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس میں شاہد آفریدی نے کہا کہ پی ایس ایل میں بولنگ کا اچھا ٹیلنٹ سامنے آیا مگر بیٹسمین نظر نہیں آئے، نوجوان بولرکو موقع دینے میں جلد بازی کی گئی، پاکستان ٹیم میں انٹری اتنی بھی آسان نہیں ہونا چاہیے، باصلاحیت بولرز کو اکیڈمی میں ٹریننگ دیں،اے ٹیموں کے ساتھ ٹورکرائیں پھر پاکستان ٹیم میں لائیں، آپ کے پاس بیک اپ میں سینئر بولرز نہ ہوں تو اس طرح کے فیصلے ضرور کریں۔ ایک سوال پر سابق کپتان نے کہا کہ گرین شرٹس کی زمبابوے کے ساتھ سیریز ہوتی تو کھلاڑیوں کو آرام بھی دے دیتے موجودہ کرکٹرز نوجوان ہیں انھوں نے کون سا20 سال کرکٹ کھیل لی کہ تھکاؤٹ کا شکار ہوگئے۔آفریدی نے کہا کہ سرفراز احمد اچھے کپتان ہیں ان کو سپورٹ کرنا چاہیے، انھیں آرام دینے کا فیصلہ درست نہیں ہے۔

جس موسم میں ورلڈکپ ہو رہاہے انگلش کنڈیشنز مشکل نہیں ہوں گی، پاکستانی بیٹنگ کو ذمہ دارانہ کھیل پیش کرنا ہوگا، ہیڈ کوچ مکی آرتھر ڈریسنگ روم میں پُرسکون رہیں تو ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان میں پی ایس ایل میچز کا انعقاد بڑی خوش آئند بات ہے، غیر ملکی پلیئرز یہاں سے خوشگوار یادیں لے کر جائیں گے تو ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحالی کے امکانات میں اضافہ ہوگا، اگلے سال زیادہ میچز پورے پاکستان میں ہونے چاہئیں صرف لاہور اور کراچی ہی نہیں، ملتان راولپنڈی اور دوسرے شہروں میں بھی میچز کرانے سے دنیا کو مثبت پیغام جائے گا۔
Load Next Story