نوازشریف سعودی عرب سے آج وطن واپس پہنچیں گے

وزیراعظم نے نجی دورے کے اخراجات خود برداشت کیے ، پاکستانی عازمین سے بھی ملاقات کی

وزیراعظم نے نجی دورے کے اخراجات خود برداشت کیے ، پاکستانی عازمین سے بھی ملاقات کی. فوٹو: فائل

وزیراعظم نوازشریف سعودی عرب کے نجی دورے کے بعد آج اسلام آباد واپس پہنچیں گے۔

وزیراعظم 2 اگست کو پی آئی اے کی کمرشل پرواز سے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کیلیے کراچی سے جدہ پہنچے تھے ۔ وزیراعظم نے اپنے اس نجی دورے کے تمام اخراجات حتیٰ کہ ساتھ جانے والے سیکیورٹی اسٹاف کے اخراجات بھی خود ادا کیے۔ وزیراعظم نے مکہ مکرمہ میں عمرے کی ادائیگی کی اور بعد ازاں وہاں ان کی خادم الحرمین شریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز اور ولی عہد سمیت دیگر اعلیٰ سعودی حکام سے ملاقاتیں ہوئیں۔عمرے کی ادائیگی کے بعد اگلے روز وزیراعظم اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مدینہ منورہ پہنچے اور روضہ رسولؐ پر حاضری دی ۔




وزیراعظم اور ان کے اہلخانہ نے نماز تراویح بھی مسجد نبوی میں ادا کی ۔ وزیراعظم اور ان کے اہلخانہ نے عمرے کی ادائیگی کرتے ہوئے حرم پاک اور روضہ رسولؐ پر حاضری کے وقت ملکی سلامتی ، ترقی ، خوشحالی اور ملک کو درپیش موجودہ بحرانوں کے خاتمے کیلیے اللہ تعالیٰ کے حضور دعائیں کیں ۔ وزیراعظم سے حرم اور مسجد نبویؐ میں پاکستان اور دنیا بھر سے آئے ہوئے پاکستانیوں نے ملاقاتیں بھی کیں اوران کیلئے اپنی گہری محبت اور وابستگی کا اظہارکیا ۔ پاکستانیوں نے اس امید کا اظہار کیاکہ نوازشریف ملک کو موجودہ صورتحال سے نکال کر ایک بار پھر ترقی اور امن کی راہ پرگامزن کریں گے۔

وزیراعظم نے بھی پاکستانیوں کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت خلوص دل اور نیت سے ملک کو موجودہ بحرانی کیفیت سے نکال کر ایک بار پھر ایک پر امن اور ترقی کرتا ہوا پاکستان بنائے گی ۔ وزیراعظم اپنا نجی دورہ مکمل کرکے (آج) منگل کو نماز فجر مسجد نبوی میں ادا کرکے پاکستان واپس روانہ ہوںگے۔

Recommended Stories

Load Next Story