افغان حکومت اور طالبان کے درمیان سعودی عرب میں خفیہ مذاکرات

افغان حکومت میں شامل چندسرکردہ شخصیات کے طالبان رہنماؤں سے رابطے ہیں، ترجمان افغان وزارت خارجہ

جون میں امریکا اور طالبان کے درمیان قطرمیں بھی پہلی بار مذاکرات ہونا تھے ۔ فوٹو: فائل

LONDON:
افغانستان میں قیام امن کے لئے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان ابتدائی سطح پر سعودی عرب میں خفیہ مذاکرات شروع ہوگئے ہیں۔

امریکی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے سابق طالبان سفارتکار اور افغان حکومت کی جانب سے تشکیل کردہ امن کونسل کے رکن حبیب اللہ فوزی نے کہا ہے کہ امن کونسل کے چند ارکان نے ذاتی طور پر سعودی عرب میں طالبان رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں ہیں تاہم یہ ملاقاتیں ابتدائی نوعیت کی ہیں جن میں مذاکرات کا ایجنڈا اور شرائط کے بارے میں گفت و شنید ہوئی ہیں، حبیب اللہ فوزی کا کہنا تھا کہ ان ملاقاتوں کے نتائج آئندہ چند ماہ میں برآمد ہوسکتے ہیں۔


دوسری جانب افغان وزارت خارجہ کے ترجمان جانان موسیٰ زئی نے بھی میڈیا سے بات کرتے ہوئے شامل چندسرکردہ حکومتی شخصیات کے طالبان رہنماؤں سے رابطوں کی تصدیق کردی ہے۔

واضح رہے کہ جون میں امریکا اور طالبان کے درمیان قطر کے دارالحکومت دوحہ میں بھی پہلی بار مذاکرات ہونا تھے تاہم افغان صدر کی جانب سے تحفظات کے اظہار کے بعد انہیں منسوخ کردیا گیا تھا۔
Load Next Story