مشتبہ ٹرانزیکشنز پر سراج درانی لیاقت جتوئی اور یوسف تالپور کیخلاف نیب تحقیقات کی منظوری

سابق وزیر حاجی گلبہار، سابق سیکریٹری عرفان الٰہی، سابق چیئرمین پی آئی اے مشرف رسول کے خلاف بھی ریفرنس دائر ہوگا۔

سابق وزیرصحت گلگت بلتستان حاجی گلبہار، سابق سیکریٹری عرفان الٰہی، سابق چیئرمین پی آئی اے مشرف رسول کے خلاف بھی ریفرنس دائر ہوگا۔ فوٹو: فائل

قومی احتساب بیورو نے مشتبہ ٹرانزیکشنز پر سراج درانی، لیاقت جتوئی، یوسف تالپور و دیگر کیخلاف تحقیقات کی منظوری دیدی۔


قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جسٹس ( ر ) جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آبادمیں منعقد ہوا جس میں2 انکوائریوں کی منظوری دی گئی جن میں غلام محمد سابق سیکریٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈپارٹمنٹ بلوچستان، افسران/اہلکار، ٹھیکے دار، صوبائی ہائی وے ڈویژن ضلع سانگھڑ اور دیگر شامل ہیں جبکہ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں اصغر شیخ سابق ڈائریکٹر جنرل لاڑکانہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور دیگرکے خلاف بھی انو یسٹی گیشن کی منظوری دی گئی۔


اجلاس میں بدعنوانی کے3ریفرنس دائرکرنے کی منظوری بھی دی گئی، حاجی گلبہار خان سابق وزیرصحت گلگت بلتستان، زمرد خان سابق کنزرویٹر گلگت فاریسٹ ڈپارٹمنٹ، حاجی نصیب خان، عبدالصمد، محمد قاسم پرنسپل میڈیکل آفیسر اور دیگر کے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی، ملزمان پرمبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے 7 ٹھیکے داروں کو قواعد و ضوابط کے برعکس اور جرمانہ وصول کیے بغیر جنگلات کی کٹائی اورنقل وحمل کیلیے پاسز جاری کرنے کا الزام ہے۔

اجلاس میں سابق مشیر برائے ہوابازی سردار مہتاب احمد خان، سابق سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن عرفان الٰہی، سابق چیئرمین پی آئی اے مشرف رسول، محمد علی ٹبہ اور دیگر کے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی، ملزمان پر مبینہ طور اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے قواعد و ضوابط کے برعکس مشرف رسول کو چیئرمین پی آئی اے تعینات کرنے کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا اور جس کی تعیناتی کو عدالت عظمیٰ بھی غیرقانونی قرار دے چکی ہے۔

ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں سابق چیئرمین سی ڈی اے کامران علی قریشی، اسد منیر سابق ممبر اسٹیٹ سی ڈی اے، خالد محمود سابق ڈائریکٹر اسٹیٹ سی ڈی اے اور دیگر کے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔


ملزمان پر مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر ایف الیون اسلام آباد میں پلاٹ کو بحال کرنے کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کوبھاری نقصان پہنچا۔

نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، وسیم اختر میئرکراچی، لیاقت جتوئی سابق وفاقی وزیر اور نواب یوسف تالپور کے بینک اکاؤنٹس میں مشتبہ ٹرانزیکشن کی شکایت کو پہلے سے جاری تحقیقات کے ساتھ منسلک کرنے کی منظوری دی، نیب ایگزیکٹو بورڈ نے دوست محمد رحیموںسابق صوبائی وزیر برائے زکوٰۃ وعشرسندھ اور دیگر کے خلاف عدم شواہد کی بنیاد پر انکوائری بند کرنے کی منظوری دی۔

چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہاہے کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑہے، نیب بدعنوانی کے خاتمے کیلیے زیرو ٹالرنس کی حکمت عملی پر کاربند ہے، میگا کرپشن کے مقدما ت کو منطقی انجام تک پہنچانا ہماری اولین ترجیح ہے، نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے 'احتساب سب کے لیے' کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔

انھوں نے ہدایت کی کہ تمام شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریاں اور انوسٹی گیشنز کو قانون، میرٹ، شفافیت اور ٹھوس شواہد کی بنیا د پر منطقی انجام تک پہنچایاجائے، نیب کی پہلی اور آخری وابستگی پاکستان سے ہے، نیب افسران اپنے فرائض ایمانداری، میرٹ، شفافیت اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے انجام دیں۔
Load Next Story